کوئٹہ ،موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ،پولیس اور ایف سی کی پکڑ دھکڑ

244

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے پکڑدھکڑ شروع کردی۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر درجنوں موٹرسائیکلیں بند کردیں۔ شہری کہتے ہیں کہ پابندی سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان نے کوئٹہ میں امن وامان کے پیش نظر 3 فروری سے 13 فروری تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور اسلحہ ساتھ لیکر چلنے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ پابندی کے بعد پولیس اور ایف سی نے شہر میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ سریاب روڈ، قنبرانی روڈ، ارباب کرم خان روڈ، بروری روڈ اسپنی روڈ، مشرقی بائی پاس ،مغربی بائی پاس، نواں کلی، سمنگلی روڈ، زرغون روڈ ، ڈبل روڈ اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے جگہ جگہ ناکے لگا کر مشتبہ افراد کی چیکنگ کی۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر درجنوں موٹرسائیکل سواروں کو روک لیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے موٹرسائیکلیں تھانے میں بند کردیں۔ شہریوں نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی پر غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ موٹرسائیکل سستی عوامی سواری ہے ، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے قابل نہیں۔ پابندی سے سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہورہا ہے انہیں اپنے دفاتر اور کام پر جانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ شہریوں نے پابندی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔