چیمبر کی مشاورت سے تاجر برادری کے اہم مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ عثمان اختر باجوہ

745

سی ڈی اے اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کو جدید خطوط پر ترقی دے ۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور عثمان اختر باجوہ کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا، طارق صادق، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، چوہدری وحید الدین، فرید الدین خٹک، ناصر قریشی، احمد مغل، خالد چوہدری، راجا عبدالمجید اور محمود احمد وڑائچ وفد میں شامل تھے۔
چیمبر کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین عثمان اختر باجوہ نے کہا کہ صنعت و تجارت سمیت اسلام آباد شہر کو متعدد مسائل کا سامنا ہے کیونکہ سی ڈی اے نے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں سمیت شہر کی بہتر ترقی کیلئے کوئی طویل المدت حکمت عملی یا منصوبہ نہیں بنایا تاہم انہوں نے ہا کہ وہ تمام مسائل کی ترجیحات طے کریں گے تا کہ پہلے اہم مسائل کو حل کیا جائے اور ترجیحات کے مطابق شہر کے تمام مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھائیں گے تا کہ شہریوں کو بہتر سروسز فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا کام شہریوں کی زندگیوں پر حکمرانی کرنا نہیں بلکہ ان کو بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنا ہے اور وہ محکمہ کو شہریوں کا خدمتگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ چیمبر کی مشاورت سے تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے عثمان اختر باجوہ کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ سی ڈی اے کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل پلاٹوں کی لیز کی تجدید نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں و صنعتکار کو بہت مشکلات درپیش ہیں لہذا سی ڈی اے لیز کی تجدید کے عمل کو آسان بنائے اور تمام کمرشل پلاٹوں کی 99سال کیلئے لیز کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے صنعتی پلاٹوں پرمنفی لسٹ کے علاوہ دیگر تمام قانونی ٹریڈز کی اجازت دے کیونکہ ٹریڈ کی تبدیلی کا موجودہ طریقہ کار بہت پیچیدہ ہے جو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی راہ میں اہم رکاوٹ ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار مرزا، طارق صادق، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، چوہدری وحید الدین، فرید الدین خٹک، ناصر قریشی، احمد مغل، خالد چوہدری، راجا عبدالمجید اور محمود احمد وڑائچ نے بھی اپنے اپنے خطاب میں مختلف مسائل کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے اور وہاں فلٹریشن پلانٹ، سٹریٹ لائٹس، پبلک باتھ رومز کی سہولیات کی فراہم کے ساتھ ساتھ اور سیوریج و صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو گی۔