اہم خبریں

287

تنازعات کے باوجود پاک امریکا تجارت میں ریکارڈ اضافہ
اسلام آباد/ واشنگٹن (آن لائن) امریکا اور پاکستان کے درمیان جاری تنازع کے باوجود دونوں ممالک میں سال 2017ء میں تجارت میں اضافے نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا اور پاکستان کی دوطرفہ تجارت نے 2017ء میں 6 ارب ڈالر کی اعلیٰ ترین سطح کو عبور کرنے کا ریکارڈ بنا دیا۔

امریکا کا پاکستان کیلیے امداد مشروط طور پر بحال کرنے کا عندیہ
واشنگٹن (آ ئی این پی) امریکا نے پاکستان کے لیے مشروط طور پر مالی امداد بحال کرنے کا عندیہ دے دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بات امریکی نائب سیکرٹری خارجہ جان سالیون نے منگل کو سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی سے کہی۔ انہوں
نے کہا کہ پاکستان کو سلامتی کی مد میں دی جانے والی امریکی مالی امداد کی معطلی ختم کی جاسکتی ہے تاہم ایسا صرف اسی صورت ممکن ہے کہ جب پاکستان اپنی سرزمین پر سرگرم جنگجو گروپوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔

عدالت عظمیٰ: آصف ہاشمی کو پاکستان واپس لانے کی دستاویز تیار کرنے کا حکم
اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے وزارت خارجہ کو بیرون ملک سے متروکہ وقف املاک کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو واپس لانے کی دستاویزات تیارکرنے کاحکم دے دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے متروکہ وقف املاک کی زمین سستے داموں فروخت کیے جانے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آصف ہاشمی کدھر ہیں؟ آصف ہاشمی کے وکیل کا کہنا تھا کہ آصف ہاشمی کو پاسپورٹ ایشو نہیں ہوا ایمبیسی نے واپسی میں رکاوٹیں ختم نہیں کیں حالانکہ 3 فروری کو وزارت داخلہ کو نوٹس دیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ پاکستانی قونصلرکوحکم دیتے ہیں ہاشمی کولے کرپاکستان آجائیں۔

صدرممنون نے انتخابی قانون کو فاٹاتک توسیع دے دی
اسلام آباد(خبرایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے انتخابی قانون کو فاٹا تک توسیع دے دی ہے۔ الیکشن ایکٹ کی توسیع سے متعلق نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔الیکشن کمیشن نے فاٹا کی 4سینیٹ کی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیاہے ۔ پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد اور فاٹا کے لیے اپیلنٹ ٹربیونل کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ فاٹا اور وفاقی دارالحکومت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق، صوبہ سندھ کے لیے کراچی ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر، پنجاب کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان خیبر پختونخوا کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس مسرت ہلالی اور بلوچستان کے لئے کوئٹہ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعجاز سواتی کو اپیلنٹ ٹربیونل جج کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پانچوں ججز اسلام آباد، فاٹا اور چاروں صوبوں سے سینیٹ انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے حوالے سے اپیلوں کی سماعت کریں گے۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹر نہال ہاشمی کی نااہلی سے سینٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پولنگ یکم مارچ کو پنجاب اسمبلی میں ہو گی۔

نفرت انگیز مواد کے انسداد کیلیے نیکٹا کا موبائل ایپ شروع کرنیکا اعلان

اسلام آباد (صباح نیوز) انسدادِ دہشت گردی کے قومی ادارے (نیکٹا) کے سربراہ احسان غنی کا کہنا ہے کہنفرت انگیز تقاریر یا مواد کی اشاعت روکنے سے متعلق آئندہ ہفتے ایک موبائل فون ایپ بھی لانچ کر رہے ہیں جس کے ذریعے شہری کسی بھی نفرت انگیز مواد یا تقاریر کی فوری اطلاع دے سکیں گے، قومی ایکشن پلان میں مذہبی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے خاتمے کے لیے سب سے کم کام کیا گیا ہے جبکہ نفرت انگیز تقاریر کے معاملے پر بھی مسائل کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی پر بھی اعلیٰ سطح پر بات چیت ہو رہی ہے جبکہ کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات پر کام بھی سست روی کا شکار ہے۔ خیال رہے کہ 2015ء میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے 16 وزارتی کمیٹیاں جبکہ صوبائی سطح پر ایپکس کمیٹیاں بنائی گئیں۔ احسان غنی کے مطابق نیکٹا کے ذمے اس عملدرآمد سے متعلق اعداد و شمار کو حاصل کرنا، ماہانہ اجلاس کرنا اور یہ مانیٹر کرنا تھا کہ کن حصوں پر کام سست روی کا شکار ہے اور صوبوں یا ایجنسیوں کے درمیان روابط میں موجود مسائل کو ختم کرنا تھا۔ لیکن ان تمام جائزوں اور مانیٹرنگ کے بعد قومی ایکشن پلان پر اب تک کس حد تک عملدرآمد ہوا؟ اس سوال پر نیکٹا کے سربراہ کے پاس واضح جواب تو نہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے کچھ حصوں پر اطمینان بخش کام ہوا جبکہ کچھ پر سست روی کا شکار ہے۔قومی ایکشن پلان کے 2 حصے تھے جہاں ایکشن لینا تھا وہ تو فوری ہو گئے لیکن جہاں مختلف پراسس پر کام ہونا ہے وہ بتدریج ہو رہا ہے۔

سابق وزیر میر اظہار حسین 28کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار
کوئٹہ( اے پی پی)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ خوراک میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے موجودہ رکنِ اسمبلی و سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسہ کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات کے مطابق سابق وزیر خوراک نے بڑے پیمانے پر مالی کرپشن کرتے ہوئے قومی خزانے کو 28 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔