وزیر اعظم: قانون کرایہ داری کے نفاذ کا وعدہ جلد پورا کریں۔ شہزاد عباسی

644

سی ڈی اے سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے ۔ شیخ عامر وحید
چیمبر اور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے اغوا شدہ تاجر رحمت خان کی جلد بازیابی کاپرزور مطالبہ
اسلام آباد (کامرس ڈیسک ) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایش ،سپر مارکیٹ اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران نے ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد عباسی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کے ساتھ مارکیٹ کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہزاد عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے مقامی تاجروں کے ساتھ ایک حالیہ ملاقات میں قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے جلد پاس کرا کر اسلام آباد میں کرایہ داری کا نیا قانون نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس وعدے کی پاسداری کیلئے کوئی مثبت اقدامات نہیں اٹھائے گئے لہذا انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اسلام آبا د کیلئے کرایہ داری کا متوازن قانون نافذ کرنے پر وعدے کو جلد پورا کریں کیونکہ اس قانون کے بغیر تاجروں کی بے دخلیاں بڑھ رہی ہیں جس وجہ سے وہ اپنے مستقبل کے بارے میںعدم تحفظ کا شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ 7فروری کو رات تقریبا 10:15بجے سپر مارکیٹ کا ایک تاجر رحمت خان جو اپنی دکان سے باتھ روم جا رہا تھا اس کو ایک گاڑی پر آئے افراد نے زبردستی اغوا کر لیااور اس کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چلا۔لہذا انہوں نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد اغوا شدہ تاجر کی بازیابی کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سپر مارکیٹ کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ سپر مارکیٹ میں کارپٹنگ سمیت دیگر مسائل جلد حل کئے جائیں گے لیکن ابھی تک اس جانب کوئی مثبت پیش رفت نہیں کی گئی۔ دیگر مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے۔انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایش ،سپر مارکیٹ اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کو مدعو کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی ایسوسی ایشن تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوششوں میں چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ساقب عباسی، نائب صدر عامر قریشی، جنرل سیکرٹری محمد حسین، اڈیشنل جنرل سیکرٹری ناصر اقبال، جوائنٹ سیکرٹری حارث بختاوری، پریس سیکرٹری محمد زاہد، فنانس سیکرٹری تابش افتخار اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سپر مارکیٹ اسلام آباد کی اہم ترین مارکیٹ ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی طرف خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل قومی اسمبلی کے 14فروری کے ایجنڈے میں شامل ہونے کی توقع ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی کرایہ داری کا نیا قانون اسلام آباد میں نافذ ہو جائے گا۔ انہوں نے سپر مارکیٹ کے تاجر رحمت خان کے اغوا پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس اسلام آباد سے اغوا شدہ تاجر کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے اسلام آباد پولیس اور مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ اسلام آباد کے کسی بھی تاجر کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے پہلے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور متعلقہ مارکیٹ یونین کو ضرور اعتماد میں لیا جائے تا کہ مشترکہ کوششوں سے مسائل حل کئے جائیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فاﺅنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، چیمبر کی ذیلی کمیٹی برائے سی ڈی اے کے چیئرمین محمد اعجاز عباسی، سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد حسین، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اگر قومی اسمبلی نے 14فروری کو قانون کرایہ داری کے ترمیمی بل کو پاس نہ کیا تو اسلام آباد کی تاجر برادری 28فروری کو مکمل ہڑتال کرے گی۔