امریکہ نے تین پاکستانیوں کو عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل کردیا

731

 

واشنگٹن :امریکا نے دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے کے الزام میں تین پاکستانیوں کے نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے رحمان زیب فقیر محمد ،حزب اللہ استم خان اور دلاور خان کے ناموں کو بلیک لسٹ کیے ہیں تینوں افراد پر پاکستان اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کو مالی اور لاجسٹک مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔

رپورٹ کے مطابق تینوں افراد شیخ امین اللہ کے ساتھ منسلک تھے،جس کا نام 2009 میں امریکی انتظامیہ نے عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا تھا۔امریکی حکام نے شیخ امین اللہ پر الزام عائد کیا کہ وہ پشاور میں گنج مدرسہ کو القاعدہ ،طالبان اور لشکرِطیبہ کے تربیتی اور بھرتی مرکز میں تبدیل کیا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق رحمان زیب ،خلیجی ریاستوں میں لشکر طیبہ کیلئے فنڈز اکٹھا کیا کرتا تھا جبکہ اس نے 2014 میں شیخ امین اللہ کو خلیجی ممالک کے سفر کے دوران لاجسٹک مدد بھی فراہم کی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حزن اللہ ،شیخ امین  کے مدرسے سے منسلک تھا اور خلیجی ممالک میں لاجسٹک دوروں میں معاونت کرتا تھا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے دلاور کے حوالے سے بتایا کہ وہ شیخ امین اللہ کا قریبی مددگار تھا، جو پاکستان بھر میں ان کے سفری معاملات کے ساتھ ساتھ ان کے مالی معاملات بھی دیکھتا تھا۔

رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اُن افراد کی تلاش اور نشاندہی جاری رکھے گا جوجنوبی ایشیاء میں دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کرتے ہیں اور غیرقانونی مالی نیٹ ورک چلاتے ہیں۔