متحدہ مجلس عمل کا پلیٹ فارم نفاذِ اسلام کی جدوجہد کیلیے بنایا گیا ہے

117

لودھراں (وقائع نگار خصوصی)ایم ایم اے لودھراں کی میٹنگ،تنظیم سازی کیلیے اجلاس 19فروری کو طے ہوا،افتتاحی اجلاس میں ہر جماعت کے 5، 5 افراد شرکت کریں گے،ضلعی باڈی بنائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایم اے لودھراں کی مختصر میٹنگ مولانا سعید کاظمی کی رہائشگاہ پر منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سید وحید احمد، ضلعی امیر جمعیت علمائے اسلام(ف) مولانا سعید کاظمی، ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی طارق فاروق، مولانا عبدالصمداور قاری محمد اکرم ودیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم نو کے لیے افتتاحی اجلاس مورخہ 19فروری 2018ء کو طے ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام، جمعیت علما پاکستان، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے 5،5 نمائندے شرکت کریں گے،اس اجلاس میں ایم ایم اے کے ضلعی صدر،ضلعی جنرل سیکرٹری اور 3نائب صدور کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ اس میٹنگ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سید وحید احمد نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل تمام تفرقہ بازیوں،لسانیت اور گروہ بندی سے ہٹ کر دین ووطن سے مخلص قیادت عوام کو فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ضلعی صدر جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا پلیٹ فارم نفاذِ اسلام کی جدوجہد کے لیے بنایا گیا ہے، عوام کی قوت سے جلد اسلامی جمہوریہ پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔