راولپنڈی‘ایم اے کا طالبعلم گلے پر دھاتی ڈور پھرنے سے زخمی 

128

راولپنڈی (آن لائن)تھانہ سٹی کے علاقے کمیٹی چوک کے علاقے میں ایم اے کا طالبعلم گلے پر دھاتی ڈورپھرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ اوسٹی کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ صحافت کا طالبعلم معراج خالد موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ کمیٹی چوک کے علاقے میں حادثہ پیش آیا۔جسے شدید زخمی حالت میں بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی نوجوان روزنامہ خبریں راولپنڈی کے بیوروچیف بشارت فاضل عباسی کا بھتیجا ہے ۔ پولیس کی جانب سے تمام تر انتظامات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ صادق آباد، گوالمنڈی اور مری روڈ سمیت مختلف علاقوں میں پتنگ بازی زوروشور سے جاری رہی۔دوسری طرف پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے اور پولیس نے مختلف مقامات سے مجموعی طور پر2200پتنگیں اور170سے زائد ڈوریں قبضے میں لے کر 15افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔