ضمنی ریفرنسز: نوازشریف کا نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار

281

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں 2 ضمنی ریفرنسز کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا۔ شریف فیملی ذرائع کے مطابق نواز شریف
نیب راولپنڈی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے جبکہ شریف فیملی کے وکیل کو بھی نیب کے سامنے پیش ہونے سے منع کردیا گیا۔ راولپنڈی احتساب بیورو، فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی راہ تکتا رہ گیا لیکن نواز شریف راولپنڈی نیب میں سمن جاری ہونے کے باوجود تفتیش کے لیے پیش نہ ہوئے ۔نیب نے نواز شریف کی عدم پیشی پر دوبارہ طلبی پر غور شروع کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہفتے کے روز 11 بجے پیش ہونے کا سمن دیا گیا تھا تاکہ کمبائنڈ انویسٹی گیشن ( سی آئی پی ) ٹیم نواز شریف سے فلیگ شپ ریفرنس میں تفتیش کرے کیونکہ ضمنی ریفرنس کو احتساب عدالت میں دائر کرنا ہے لیکن نواز شریف کی جانب سے نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس لیے سابق وزیراعظم نیب کے سامنے تفتیش کے لیے پیش نہ ہوئے جبکہ نیب حکام بھی دوبارہ نواز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کرنے پر غور کررہے ہیں ۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز تیارہورہے ہیں جبکہ ضمنی ریفرنسزڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی زیرنگرانی تیارکیے جارہے ہیں، نئے ضمنی ریفرنس میں بیرون ملک سے حاصل دستاویزات شامل کی جارہی ہیں۔