لبرلز نے نوجوانوں کے سیاست میں آنے کے دروازے بند کردیے ، مشتاق خان

151

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن انہیں کچھ کرنے کے مواقع میسر نہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے 23 سے 25 مارچ کو پشاور میں پشاور یوتھ فیسٹیول منعقد کریں گے، جس میں نوجوانوں کے لیے تعلیمی، تفریحی، تعمیری اور تحقیقی سرگرمیاں رکھی جائیں گی۔ پشاور یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کے لیے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ نوجوانوں کو مواقع ملے تو وہ ملک کو سپر پاور بنادیں گے۔ جے آئی یوتھ حقیقی معنوں میں نوجوانوں کے جذبات اور احساسات کی ترجمان بنے۔ سیکولر اور لبرل قیادت نے نوجوانوں کے قومی سیاست میں کردار ادا کرنے کے دروازے بند کردیے ہیں۔ سیکولر قیادت کی کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں، میڈیا اور عدلیہ نے ان کی کرپشن بے نقاب کردی ہے، 2018ء کرپٹ اور سیکولر قیادت کے لیے آخری انتخاب ثابت ہوگا۔ جے آئی یوتھ کے کارکن گھر گھر جماعت کی دعوت پہنچائیں۔ نوجوانوں کی طاقت سے پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔ نوجوان ملکی سیاست میں تعمیری کردار کے لیے جے آئی یوتھ کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں جے آئی یوتھ ضلع پشاور کی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن، جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار، نائب صدر حافظ حمید اللہ، ضلع پشاور کے صدر صدیق الرحمن پراچہ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد خلیل، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابق ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکاخیل اور جے آئی کے زونل صدور بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اجلاس میں جے آئی یوتھ ضلع پشاور کی گزشتہ کارروائی کا جائزہ لیا گیا اور منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکاخیل نے جماعت اسلامی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ زندہ تنظیمیں اپنے گزشتہ کل سے سیکھتی ہیں، جے آئی یوتھ اپنی گزشتہ سرگرمیوں کا جائزہ لے اور جو چیزیں رہ گئی ہیں، انہیں حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے تسلسل سے پروگرامات کا انعقاد ضروری ہے۔ یوتھ فیسٹیول میں مزید نئی چیزیں ڈالیں اور اسے نوجوانوں کے لیے پُرکشش بنائیں۔ پاکستان کے نوجوان بڑی تعداد میں تعلیمی اداروں سے فارغ ہورہے ہیں، سرکار کے پاس ان کو دینے کے لیے نوکریاں اور کرنے کے لیے کام نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہزاروں نوجوان نشے کی لعنت میں مبتلا ہوچکے ہیں، بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان خودکشیوں پر مجبور ہیں، حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، صحت کی سہولیات اور کھیل کے میدان اور کچھ کرنے کے مواقع دے۔ ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جو ترقی یافتہ، خوشحال اور کرپشن فری ہوگا۔ پوری دنیاسے طلبہ پاکستان پڑھنے کے لیے آئیں گے اور اس پر فخر محسوس کریں گے۔ اس وقت ملک کی قیادت گیدڑوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان اٹھیں اور اس نظام کا حصہ بننے سے انکار کریں۔ پاکستان صرف ایک خطے کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور عقیدے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے انعقاد سے ان کے اندر حوصلہ اور تحریک پیدا ہوگی۔ جماعت اسلامی جے آئی یوتھ کی پشت پر ہے۔