پاکستان ریلوے کا کمپیوٹرائزڈ ٹکٹ ایگزامینشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

395

راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان ریلوے نے کمپیوٹرائزڈ ٹکٹ ایگزامینشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا جوکہ رواں ماہ کے اواخر تک پرانے مینوئل سسٹم کی جگہ لے گا ۔ڈویژنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ٹکٹ ایگزامینشن کا نیا آن لائن کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کرانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔اس نئے آن لائن کمپیوٹرائزڈ نظام سے جہاں ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہو گا وہیں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے ریکارڈ کا چیک اینڈ بیلنس نظام بھی فعال ہو سکے گا ۔انہوں نے مزید بتایاکہ نئے نظام کے تحت مسافروں کی چیکنگ ، وقت ،کرایہ اور جرمانہ وصولی سمیت سب کچھ خود کار طریقے سے اپ ڈیٹ ہو جائے گا جس سے بغیر ٹکٹ سفر کرنے سمیت دیگر مسائل کا یکسر خاتمہ ہو سکے گا ۔ڈی سی او رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ ابتدائی طور یہ نیا نظام آزمائشی بنیادوں پر راولپنڈی سے لاہور دو ریل کاروں میں شروع کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ اس نئے نظام کے لیے ٹکٹ ایگزامینرز کو جی پی ایس سے لیس جدید آئی پیڈ فراہم کیے جائیں گے اور ان کثیر المقاصد استعمال کے حامل آئی پیڈز کے ذریعے ریل کار میں سوار بغیر ٹکٹ مسافروں کے جرمانے کی رقم کا آن لائن حساب کتاب اور اس کے ساتھ منسلک منی پرنٹر کے ذریعے کمپیوٹرائزڈ سلپ بھی حاصل کی جا سکے گی جبکہ اس ڈیوائس کے ذریعے ٹکٹ ایگزامینرز کی لوکیشن بھی ٹریس کی جا سکے گی ۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ دوران سفر ٹکٹ حاصل کرنے والے مسافروں کا ڈیٹا بھی دیگر مسافروں کی طرح آن لائن ہوگا اور ان ڈیوائسز میں ان بلٹ سافٹ وئر انسٹال ہوگا جبکہ ا ن ڈیوائسز کے استعمال کے طریقہ کار کے لیے ٹکٹ ایگزامینرز کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ یہ نظام بتدریج دیگر ٹرینوں میں بھی فعال کیا جائے گا اور اس کے لیے ڈیوائسز منگوا لی گئی ہیں۔