پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چاول کمپنی کے حصص اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ہو گی

827

میٹکوفوڈزاس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فوڈ کے کاروبار سے منسلک دوسری کمپنی ہے

کراچی:آج پاکستان کی سب سے بڑی باسمتی چاول کی برآمدکنندہ کمپنی -میٹکو فوڈز لمیٹیڈ کے حصص کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے یہ بات میٹکو فوڈز کے ڈائریکٹر فنانس فیضان علی غوری سی ایف اے نے مقامی ہوٹل میں ہونے والے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ جاوید علی غوری چےئرمین میٹکو فوڈز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا

اس موقع پر انکے ہمراہ رچرڈ مورن ، چیف ایگزیکٹو پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ہینگ یو ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی موجو د تھے۔میٹکو فوڈز نے جنور ی میں اس سال کا پہلا آئی پی او جاری کیا اور میٹکوفوڈزاس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فوڈ کے کاروبار سے منسلک دوسری کمپنی ہے ۔ جبکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی چاول کی کمپنی کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ہو گی۔میٹکو فوڈز نے حال ہی میں بک بلڈنگ مکمل کی ہے جس کے تحت 29,143,000آرڈنری حصص 26روپے فی حصص پر فروخت کئے گئے

کمیشن ، ڈسکاؤنٹ اور آفرنگ اخراجات کو منہا کئے بغیر مجموعی طور پر 75کروڑ 70لاکھ روپے کے فنڈز حاصل کئے گئے ہیں۔میٹکو فوڈز،حصص کی فروخت سے حاصل کئے گئے فنڈز کو، اپنے چاول گلوکوز کے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے استعمال کرے گا۔ اس وقت میٹکو فوڈز کے چاول گلوکوزاورپروٹین پلانٹ میں گلوکوز کی پیداواری صلاحیت 10ہزار میٹرک ٹن اورپروٹین کی ایک ہزار میٹرک ٹن سالانہ ہے ۔ جبکہ توسیع منصوبے کے بعد اس پلانٹ کے ذریعے گلوکوزکی پیداواربڑھ کر 30ہزار میٹرک ٹن اور پروٹین کی 3 ہزار میٹرک ٹن سالانہ ہو جائے گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں چاول کلو گوز کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی بناء پر کمپنی نے پیداواری صلاحیت بڑھانے کا فیصلہ کیاہے۔منگل کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹکو فوڈزجاوید علی غوری نے بتایا کہ میٹکو فوڈزکے حصص کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور تمام حصص یافتگان کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام لوگوں ، سرمایہ کاروں اور اداروں بشمول پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے میٹکو فوڈز کے حصص کی بک بلڈنگ میں حصہ لیا ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں ایس ای سی پی کا کردار نا قابل فراموش ہے اور مثبت پالیسیوں سے مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ میٹکو فوڈز چاول برآمدکرنے والی ایک بڑی پاکستانی کمپنی ہے ۔میٹکو فوڈز نے پاکستان اور بین القوامی سطح پر چاول کے برانڈز کو متعارف کروایا اور اس وقت میٹکو فوڈز کا برانڈ “فلک”باسمتی چاول نہ صرف پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں دستیاب ہے بلکہ دنیا کے 40ممالک کو برآمدبھی کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد غوری نے بتا یا کہ ہم چاول گلوکوز اور چاول پروٹین پلانٹ میں توسیع منصوبے کے ساتھ ساتھ اپنی کمپنی میں مزید سرمایہ کاری کے عمل کو جاری رکھیں گے تا کہ پاکستانی چاول کے برانڈز کو مقامی اور بین القوامی سطح پر مزید فروغ دیا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ میٹکو فوڈز کے حصص کی بک بلڈنگ کے لئے ایم سی بی بینک نے بک رنر منیجر اور عارف حبیب نے بطور کنسلٹنٹ کا کردار ادا کیا جس پر ہم ان کے بھی شکر گزار ہیں۔پریس کانفرنس کے موقع پرڈائریکٹر فنانس فیضان علی غوری بھی موجودتھے جنہوں نے کمپنی کے آپریشنزکے بارے میں بتایا کہ میٹکو فوڈز لمیٹڈجنوبی ایشیا میں زرعی شعبے کی ایک بڑی کمپنی ہے۔جس کا چاول کی صنعت میں پچاس سال کاتجربہ ہے۔اس کے دنیا بھر میں160سے زائدکارپوریٹ کسٹمرزہیں اورساٹھ سے زائد ممالک کوچاول برآمد کیاجاتاہے۔کمپنی کاصرف ایک برانڈ فلک چالیس سے زائدممالک کوبرآمدکیاجاتاہے۔میٹکوفوڈزپاکستان کی واحد ایگرو پراسسنگ کی کمپنی ہے جس میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔کمپنی کو امریکہ اوریورپ سے آرگینک سرٹیفیکیٹ بھی حاصل ہیں۔کمپنی نے حال ہی میں اپنے آپریشن میں توسیع کرتے ہوئے چاول گلوکوز اور پروٹین کاپلانٹ لگایاہے۔یہ پلانٹ مکمل آپریشنل ہے اورسالانہ دس ہزارٹن گلوکوز اور ایک ہزارٹن پروٹین تیار کر رہا ہے۔