جامعہ کراچی میں 3 روزہ کتاب میلہ شروع

771

جامعہ کراچی میں ایک طلباء تنظیم کے زیر اہتمام 25 واں سالانہ 3 روزہ کتب میلہ شروع ہوگیا۔

کتاب میلہ یونیورسٹی کے اسپورٹس جمنازیم اور اس سے ملحقہ گراؤنڈ میں سجایا گیا ہے جس میں سیکڑوں کتابیں رکھی گئی ہیں۔ بک فیئر میں نصابی و غیر نصابی کتب کے علاوہ خواتین کی جیولری کے بھی اسٹال لگائے گئے ہیں۔

کتاب میلے سے جامعہ کراچی کے اساتذہ، طلبہ و طالبات کے علاوہ ملحقہ کالجز اور جامعات کے طلبا بھی استفادہ کرتے ہیں۔

25 ویں سالانہ کتب میلے کا افتتاح جامعہ کراچی کے مشیر امور طلبہ ڈاکٹر عاصم اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کیا۔

جامعہ کراچی کے کتاب میلے میں تمام کتابوں پر خصوصی رعایت دی جاتی ہے جس سے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات بھرپور استفادہ حاصل کرتے ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ مطالعے کی عادت بڑھانے میں کتب میلے اہم کردار اداکرتے ہیں۔مہنگائی کے دور میں کتب میلے کے ذریعے کم قیمت پر کتابوں کی فراہمی سے نہ صرف طلبہ بلکہ عام آدمی کے لئے بھی مطالعہ کے مواقع بڑھتے ہیں۔

طلباء کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر یہ بات قطعی غلط نہیں ہوگی کہ آج بھی کتب بینی کا ذوق وشوق معاشرے کا پسند یدہ مشغلہ ہے۔ پہلے کتابیں کم دستیاب تھیں لیکن کتابیں پڑھنے کا شوق عروج پر تھا اب کتابوں تک رسائی آسان ہے لیکن مطالعے کا شوق ختم ہوتا جارہا ہے۔

کتب میلے کا انعقاد جمعیت کی شاندار روایت ہے جو کہ اندھیروں میں اجالوں کا پیغام ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں جمعیت کے زیر اہتمام جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال میں منعقدہ سہہ روزہ کتب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہکتب میلے میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کر کے علم دوستی کا ثبوت دیا اورسب نے بڑی تعداد میں نہ صرف اس میلے کو سراہا بلکہ انتظامیہ کی محنت کو بھی سراہا۔

اس موقع پرمشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ جو قومیں کتابوں سے دوستی نہیں کرتیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔نوجوانوں میں مطالعے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کتب میلوں کا انعقاد اہم کردار اداکرتا ہے۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی عبدالاحدطلحہٰ نے کہا کہ کتاب بہترین ساتھی ہے جس کے ذریعے دنیا وآخرت کی کامیابی کا حصول ممکن ہے۔

کراچی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلباء کی جانب سے سجایا گیا یہ کتب میلہ 13 سے 15 فروری تک جاری رہے گا۔