دوہری شہریت رکھنے والے تدریسی عملے کی تفصیلات طلب

220

کراچی(رپورٹ:حماد حسین )محکمہ تعلیم سندھ نے عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں سندھ بھر میں دوہری شہریت رکھنے والے تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے تمام سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے افسران و ملازمین جو کہ دوہری شہریت کی حامل ہیں، ان کی رپورٹ طلب کی تھی جسکی روشنی میں محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن نے ایک مکتوب
نمبر SOI(SGA&CD)2/2/2012محکمہ تعلیم کو ارسال کیا تھا جس میں تحریر تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کی جانب سے سرکاری اداروں میں دوہری شہریت کے حامل ادسران وملازمین کی تفصیلات جلد از جلد ارسال کریں۔جس کے بعد محکمہ تعلیم نے ایک مکتوب نمبر SO(G-I)SELD(MISC/2018جاری کیا تھا جس میں سندھ بھر کے ڈائریکٹرز اسکول ایجوکیشن پرائمری،ایلیمنٹری،سکینڈری ا ور ہائر سکینڈری اسکولوں کو احکامات دیے گئے کہ اپنے ماتحت کام کرنے والے تدریسی و غیر تدریسی عملے جن کی دوہری شہریت ہے، ان کی تفصیلات جلد ازجلد مکتوب میں دی گئی ترتیب سے مرتب کریں۔لیٹر کے مطابق مذکورہ افسر کا عہدہ اور موجودہ پوسٹنگ کی جگہ،جس ملک کی شہریت ہے اس کا نام،اگر کسی ادارے سے این اوسی لیا ہے تو اس کی بھی تفصیلات اور اگر نہیں لیا تو بھی تفصیل بتائیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اس طرح کا ایک عمل پہلے بھی کیا گیا تھا تاہم آج تک اس پر کو ئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔جبکہ اس طرح سے تفصیلات طلب کرنے کے بجائے تحقیقاتی اداروں سے مدد لی جائے تو زیادہ بہتر نتائج آسکتے ہیں۔