مہاجروں کے پاس پی ایس پی کے سوا کوئی آپشن نہیں، مصطفی کمال

120

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مہاجروں کے پاس پی ایس پی کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں ہے، متحدہ والوں کی لڑائی میں مہاجروں کو الطاف حسین یا ایم کیو ایم سے جوڑنا زیادتی ہے، 2 فریقین کی لڑائی سے فائدہ اٹھانے کا تاثر نہیں دینا چاہتے۔ پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے متحدہ قومی موومنٹ کے دونوں گروپ کے افراد کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیدی۔ان کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کے ساتھ مہاجر نہیں جڑا ہوا تو کیا مہاجر میرے ساتھ نہیں آئیں گے؟ کیا پیپلز پارٹی کے ساتھ سندھی اور ن لیگ کے ساتھ پنجابی لگا ہے؟ مہاجروں کے حقوق یا کوئی بھی زبان بولنے والوں کے حقوق سے غافل نہیں ہیں۔ سربراہ پی ایس پی نے کہا کہمہاجروں نے 35سال میں 9بار ایم کیو ایم کو ووٹ دیے،انہیں حکومتوں میں لائے،فطرہ اور زکوٰۃ دی لیکن اس کے باوجود کراچی کچرا کنڈی بناہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے پی ایس پی کا ساتھ پہلے دن سے دیا ہے، یہ نہیں ثابت کرنا چاہتے تھے کہ ایم کیوایم پاکستان میں لڑائی سے ہم فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو راستہ انہوں نے چھوڑا ہے اس پر دوبارہ نہیں جائیں گے۔ پی ایس پی عام انتخابات میں کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کی تمام سیٹوں پر امیدوار لائے گی اور کراچی سے کلین سویپ کریگی، ہمیں پتا ہے کہ کراچی کو دوبارہ کس طرح سے بنانا ہے، آنے والا وقت پی ایس پی کا ہو گا۔