اِقتدار میں آکر ریاستی اداروں کو تھیک کروں گا،عمران خان

122

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر ریاستی اداروں کو ٹھیک کردوں گا۔ جمہوریت میں بجٹ ہوتا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ نہیں ہوتا، میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہوں اور اسلامی فلاحی ریاست پر یقین رکھتا ہوں۔اسلام آباد لائر کلب کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں ادارے ہوتے ہیں، احتساب ہوتا ہے، اقتدار میں آکر سب سے پہلے اداروں کو مضبوط کریں گے، میرٹ پر لوگوں کو لائیں کے جس سے ادارے ٹھیک ہوجائیں گے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ملک پْلوں یا سڑکوں سے نہیں بنتے بلکہ تعلیم سے بنتے ہیں، پنجاب میں اس وقت تک کچھ نہیں ہوسکتا جب تک رائے ونڈ سے حکم جاری نہ ہو، رائے ونڈ کے حکم کے بغیر کوئی ایس ایچ او بھی تعینات نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ بادشاہ ٹیکس کے پیسے کا غلط استعمال کرتا ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، کس نے اجازت دی کہ عوام کا پیسہ اس طرح خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نظریاتی رول ماڈل علامہ اقبال جبکہ سیاسی رول ماڈل قائد اعظم محمد علی جناح ہیں۔پختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ آلودگی اہم مسئلہ ہے جس سے اوسط زندگی کم ہو رہی ہے، کے پی حکومت نے 1 ارب سے زائد درخت لگائے ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے 2 مرتبہ لگائے گئے درختوں کا آڈٹ کیا ہے لیکن میاں صاحب کو درخت نظر نہیں آرہے۔عمران خان نے کہا کہ ’’میاں صاحب میرے ساتھ چلیں، میں دکھاتاہوں درخت کہاں لگے ہیں۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی آفس سے جاری بیان کے مطابقعمران خان کی زیر صدارت کورگروپ کے اجلاس میں فواد چودھری کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات ،مراد سعید کو کے پی حکومت کا ترجمان مقرر کر دیا ۔ جبکہ تحریک انصاف کراچی میں نئی شمولیت کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جبکہ شفقت محمود کو پنجاب سمیت تمام اینٹی کرپشن مقدمات سامنے لانے کی ذمے داری سونپ دی گئی۔تحریک انصاف نے پولیس مقابلوں پر عدالت عظمیٰکے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کیس میں فریق بننے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ پی ٹی آئی رواں ہفتے حدیبیہ پیپر ملز کیس بھی فائل کرے گی۔