بین الاقوامی نمائش آباد انٹرنیشنل ایکسپو2018 ء کا انعقاد آج اسلام آباد ہو گا 

549

کراچی :ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی تعمیرات اور پراپرٹیز سے متعلق بین الاقوامی نمائش آباد انٹرنیشنل ایکسپو2018 کی تقریب اجرا کا انعقاد 16 فروری(جمعہ)2018 کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی مشیر خزانہ اور معاشی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل،وزیر مملکت ڈاکٹرطارق فضل چوہدری، ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور اور نائب صدرسید مظہر علی نثار ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرؤف عالم،آئی سی سی آئی کے صدرشیخ عامر وحید،آر سی سی آئی کے صدرزاہد لطیف خان اور ایس سی سی آئی کے صدرزاہد اللہ شنواری بھی خصوصی شرکت کریں گے۔آباد کے

چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے بتایا ہے کہ 4 مئی 2018 سے اسلام آباد میں پاک۔چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں شروع ہونے والی آبا د کی 3 روزہ بین القوامی نمائش میں تعمیرات،رئیل اسٹیٹ اور ذیلی صنعتوں کی مقامی کمپنیوں کے علاوہ 32 غیر ملکی کمپنیاں بھی اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔غیر ملکی کمپنیوں میں چائنہ،جاپان،ترکی،یو اے ای،سنگا پور،ملائشیا،انڈونیشیا،سعودی عرب،اٹلی ،جرمنی،سری لنکا اور دیگر ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں۔

عارف جیوا نے کہا کہ نمائش کے دوران تعمیراتی صنعت کے فروغ اور پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ رہائشی یونٹس کی کمی اورجڑواں شہروں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے 2 سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ آباد کا ویڑن پاکستان کی تعمیرات صنعت کا فروغ اور شہریوں کو معیاری رہائشی سہولت کی فراہمی ہے،آباد انٹرنیشنل ایکسپو اسی سلسلے کی کڑی ہے۔عارف جیوا نے امید ظاہر کی کہ 4 سے 6 مئی 2018 کی آباد ایکسپو سے جڑواں شہروں کے تعمیراتی شعبے کو ترقی ملے گی اور یہاں کے لوگوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔