آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کا فیسٹیول منعقد ہوا ۔

664
کراچی(اسٹا ف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام بدھ کو خصوصی بچوں کا فیسٹیول منعقد ہوا
جس میں شہر کے 31 خصوصی تعلیمی اداروں کے 1500سے زائد خصوصی بچوں
نے شرکت کی جہاں بچوں نے ، تھیٹر، اور دیگر شعبوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ تقریب میں امریکن قونصلیٹ جنرل گریس شیلٹن جرمن قونصلیٹ جنرل رائزاور ان کی اہلیہ کے علاوہ سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات سید ناصر حسین شاہ، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا، ممبر صوبائی اسمبلی سعید غنی، صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سمیت صنعتکاروں، صوبائی سیکریٹریز اور ممبران صوبائی اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امریکن قونصلیٹ نے خصوصی بچوں کے فیسٹیول میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کافی دیر تک خصوصی بچوں میں موجود رہیں اور ان کے ساتھ تصاویریں بنوائیں۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز نے کہاکہ آرٹس کونسل اور احمد شاہ معاشرے کی حقیقی خدمت کررہے ہیں اسپیشل بچے بھی زندگی کا حصہ اور عام لوگوں سے زیادہ بہتر ہیں ہر حال میں ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت چلڈرن پروٹیکشن پر کام کررہی ہے جس کو بھی کوئی شکایت ہو وہ رابطہ کرے۔ شہریوں کے تعاون کے ساتھ ہی بچوں کو تحفظ دیا جاسکتا ہے ان کے رویوں سے بچے سیکھتے ہیں محکمہ سماجی بہبود آرٹس کونسل کے تعاون سے والدین کا ایک پروگرام منعقد کرنا چاہتا ہے جس میں والدین کو بچوں کی نگرانی اور تربیت کے بارے میں بات کی جائے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل ہرسال خصوصی بچوں کا فیسٹیول منعقد کرتا ہے یہ پروگرام یوتھ فیسٹیول کا حصہ ہے۔ ہزاروں خصوصی بچے آرٹس کونسل کے ساتھ منسلک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ سماجی بہبود کے اشتراک سے آرٹس کونسل ہر قسم کاپروگرام منعقد کرنے کے لئے تیار ہے خصوصی بچوں کے پروگرام کو ترجیحی دی جائے گی۔اس موقع پر تقریری مقابلے میں پاک ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے بختیار نے پہلی، احسن اقبال نے دوسری اور پی بی ایس ایف کی حمرا نے تیسری پوزیشن لی۔پینٹنگ میں ابسا اسکول کی ایمان عمران نے پہلی، کے وی ٹی سی کے یاسر نے دوسری اور اے سی آئی اے سی کے علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تھیٹر میں کے وی ٹی سی ایجوکیشن اویئرنس نے پہلی ، آئی آر سی کے تھیٹر ’’بندر کی دکان‘‘نے دوسری جبکہ سیکونسا ڈے ہوم کے تھیٹر ’’نانی تیر مورنی‘‘ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح مضمون کے مقابلے میں محمد اویس پہلے، کیو آرایس سی اسکول کے عبدالولی خان دوسرے اورآئی آر سی کی ثمرہ عابد تیسرے نمبر پر رہی۔ ڈانس کے مقابلے میں پی این ایس کارساز کے سفیان نے پہلی پوزیشن، دِی ایفرٹ کے گروپ ڈانس نے دوسری جبکہ الامید کے گروپ ڈانس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔موسیقی میں یاشرین نے پہلی، دوست محمد نے دوسری جبکہ مسرہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے اختتام میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے صوبائی وزیر محکمہ سماجی بہبود شمیم ممتاز کو پھولوں کا تحفہ پیش کیا۔