پاکستان نے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کر دیے ، کابل میں جنرل باجوہ کاخطاب

614
کابل: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ چیفس آف ڈیفنس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
کابل: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ چیفس آف ڈیفنس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کابل/راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن اور استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر گزرتا ہے،مشترکہ سوچ اور تحمل کے ساتھ تمام چیلنجز کامقابلہ کیا جاسکتاہے،آئی ایس پی آر کے مطابق کابل میں چیفس آف ڈیفنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کر دیے ہیں، تاہم دہشت گرد27 لاکھ افغان مہاجرین اور غیر مؤثر سرحدی انتظامات کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے جہاں انہوں نے چیفس آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں افغان آرمی چیف، امریکی سینٹرل کمانڈ سربراہ، افغانستان میں امریکی مشن کے سربراہ اور قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے آرمی چیفس نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے, خطے اکٹھے ترقی کرتے ہیں، انفرادی طور پر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے علاقے میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردیں تاہم دہشت گرد 27لاکھ افغان مہاجرین کی موجودگی اور غیر مؤثر سرحدی انتظامات کا فائدہ اٹھاتے ہیں، ایسے دہشت گردوں کو آپریشن ردالفساد کے ذریعے نشانا بنایا جارہاہے۔ پاکستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی اور پاکستان بھی دوسرے ممالک سے ایسی ہی توقع رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ افغان مہاجرین کی آڑ میں دہشت گردی کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ مشترکہ سوچ اور تحمل کے ساتھ تمام چیلنجز کامقابلہ کیا جاسکتاہے جس کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،چیفس آف ڈیفنس کانفرنس میں علاقے میں امن و استحکام کیلیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔