حاجی رزاق جانو ٹرسٹ نابینا پن کے خلاف جہاد میں کررہاہے ۔ ریئر ایڈمرل معظم الیاس

576
عبد الرحیم جانو نے اور ماڑہ اور گوادر میں حالیہ منعقد کئے گئے فری آئی کیمپوں میں پاکستان نیوی کی جانب سے فراہم کردہ شاندار خدمات کے اعتراف میں گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر پاکستان نیوی کے کوسٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)اور انکی ٹیم کے اعزاز میں پر تکلف عشایئے کا اہتمام کیا
اس موقع پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اکرم نورانی ، پاکستان کے ممتاز آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر سید محمد آصف، ڈاکٹر ایوب میمن ، ڈاکٹر یوسف میمن اور رضاکاروں کی ٹیم کے علاوہ رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان ،ممبر مینیجنگ کمیٹی REAPجاوید جیلانی ، محمد حسین کھانڈوالا ، جاوید تار محمد، اشفاق غفار وغیر ہ موجود تھے ۔عبد الرحیم جانو نے ان دونوں کیمپوں میں پاکستان نیوی کے تمام افسران بلخصوص ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)، کموڈور راحت احمد اعوان اور کمانڈر اشرف غوری کا خصوصی شکریہ ادا کیا
 کہا کہ پاکستان نیوی کے تمام افسران اور جوانوں نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا اور ہمیں ہر مرحلے پر شاندار سہولیات فراہم کیں ۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کیلئے پاکستان نیوی کی بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرسٹ پاکستان نیوی کے تعاون سے ہر سال ان مقامات کے علاوہ پسنی، تربت اور چوہڑ جمالی میں بھی فری آئی کیمپ منعقد کرے گاا ور پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے رہنے والے ضرورتمند اور مستحق لوگوں کو جدید ترین ٹیکنا لوجی کے ذریعے آنکھوں کے علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائینگی جسکی وہ استطاعت نہیں رکھتے۔
ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)نے گوادر اور اورماڑہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے فری آئی کیمپ کے انعقاد پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین عبد الرحیم جانو کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ نابینا پن کے خلاف جہاد میں حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے آئندہ بھی اس سلسلے میں پاکستا ن نیوی کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب کے اختتام پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرحیم جانو نے ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔