ناموس رسالت پر کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے، حبیب الرحمن

164

راولپنڈی (جسارت نیوز) جمعیت علما پاکستان وطن عزیز میں نظام مصطفی کے عملی نفاذ کی جدوجہد کے لیے کوشاں ہے۔ وطن عزیز میں جب بھی ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت پر کسی قسم کی سازش ہوئی تو جے یو پی نے اپنے قائد امام شاہ احمد نورانی صدیقی اور قائد ملت عبدالستار خان نیازی کی قیادت میں کر دار ادا کیا قومی اسمبلی میں 1974ء میں امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی قرار داد پر قادیانیوں کو کافر قرار دیا گیا اب جبکہ ملک میں ایک بار پھر اس مسئلے پر پے در پے حملے ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں قاری زوار بہادر کے حکم پر11مارچ دن 11بجے راولپنڈی پریس کلب میں ’’شہدائے ختم نبوت کنونشن ‘‘منعقد کیا جا ئے گا جس کے مہمان خصوصی شیخ المشائخ پیر زاہد اصغر صدیقی صاحبزادہ محمد اکرم نقشبندی، ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی اور صدارت پیرحبیب الرحمن سیفی کریں گے جبکہ ناظم کنونشن صاحبزادہ اخلاق جلالی ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیر حبیب الرحمن سیفی آرگنائزر صاحبزادہ اخلاق جلالی، جنرل سیکرٹری محمد شعیب جنجوعہ نے پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا بنیادی جزو اور اس کا تحفظ اہل ایمان کا اولین فرض ہے غلامان مصطفیؐ سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن عقیدہ ختم نبوتؐاور عظمت مصطفی ؐ کے قوانین سے چھیڑ چھاڑ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کے انتظامی امور کی نگرانی محمد شعیب جنجوعہ،محمد کامران سیفی اور محمد رفیق قادری کریں گے۔ کنونشن میں سیاسی سماجی اور مذہبی حلقوں کے ذمے داران بھی خطاب کریں گے۔