پاکستان دہشت گردوں سے نرمی کیساتھ پیش آرہا ہے ،امریکی انٹیلی جنس

119

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈین کوٹس نے کہا ہے کہ پاکستان تاحال دہشتگردوں کے خلاف نرمی سے پیش آرہا ہے۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈین کوٹس کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج اگرچہ انسداددہشت گردی کے لیے امریکا سے تعاون کررہی ہے تاہم وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف نرم رویہ اپنائے ہوئے ہے ۔ڈین کوٹس نے الزام عاید کیا کہ پاکستانی سرزمین پر موجود دہشت گرد محفوظ ٹھکانوں کا فائدہ اٹھاکر مسلسل بھارت اور افغانستان پر حملے کررہے ہیں جس سے امریکی مفادات کو خطرات درپیش ہیں۔انٹیلی جنس سربراہ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بار ہا درخواست کے ردعمل میں پاک فوج نے طالبان اور ان سے وابستہ شدت پسند گروپوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں تاہم پاکستان کی جانب سے اب تک جو بھی اقدامات کیے گئے وہ ان دہشت گرد گروپوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے نظر نہیں آتے، اسی بنا پر پاکستانی اقدامات کے دیرپا اثرات مرتب نہیں ہورہے۔ڈین کوٹس کا کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنٹس اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرکے امریکا سے تعلقات کو بہتر بنائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکا سے تعاون جاری رکھے گا۔