عوام سے ایک لیٹر ڈیزل پر 40پیٹرول پر 34روپے ٹیکس وصولی

174

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ وزارت پیٹرولیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 55 روپے 9 پیسے ہے جبکہ اِس وقت صارفین کے لیے ڈیزل کی قیمت 95 روپے 83 پیسے مقررہے اس طرح فی لیٹر ڈیزل پر حکومت صارفین سے 40 روپے 74 پیسے ٹیکس وصول کررہی ہے یعنی ڈیزل کے ہر لیٹر پر عوام سے 74 فیصد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 50 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ صارفین کے لیے پیٹرول کی موجودہ قیمت 84 روپے51 پیسے ہے۔ اس طرح ایک لیٹر پیٹرول پر حکومتی ٹیکس کی شرح 34 روپے 24 پیسے ہے۔ یعنی پیٹرول کی مد میں بھی حکومت اس کی اصل قیمت پر68 فیصد ٹیکس وصول کررہی ہے۔ دریں انثا پارلیمانی سیکرٹری دفاع منصب علی خان ڈوگر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے یکم جنوری2017ء سے اب تک سیز فائر کی ایک ہزار394 خلاف ورزیاں ہوئی ہیں‘ 2013ء سے اب تک بھارتی فائرنگ سے 66 عام شہری شہید ہوئے جبکہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ2013ء سے اب تک ملک بھر میں زیادتی کے17862کیس ہوئے جن میں پولیس کے پاس 13 ہزار 267 کیس رجسٹرڈ ہوئے جن میں25 مقدمات میں سزائے موت دی گئی‘ 11 کو عمر قید، 2 کو 50 سال قید، ایک کو 39 سال قید، ایک کو 35 سال قید، ایک کو 33 سال سزا ہوئی، کل 112 مجرموں کو سزا ہوئی۔ ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ شیخ مجیب کے بچوں کو اچھا سمجھنے والا شخص غدار ہے‘سابق وزیراعظم نوازشریف پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ وزیرمملکت برائے توانائی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری سے نقصانات 40 فیصد سے زائد ہیں‘ صوبائی حکومتیں بجلی چوری کی روک تھام میں وزارت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر تعاون نہیں کر رہیں‘ لوڈ مینجمنٹ کے لیے اقدامات 31 مارچ تک مکمل کر لیں گے۔