ڈسٹ بن اور گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم لگانے کی ہدایت، تمام علاقوں میں ڈسٹ بن کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت۔طحہٰ احمد فاروقی ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

458

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی نے بلدیہ عالیہ ملیر اور غربی میں کام کرنے والی چائنیز فرم کے وفد کے ہمراہ بلدیہ عالیہ ملیر سے کچرا اٹھانے کے عمل کو تیز کرنے اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کچرا لینڈ فل سائٹس پہنچانے کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے کچرا اٹھانے سے قبل خالی گاڑیوں کا وزن کریں تاکہ ٹرک میں کچرا بھرنے کے بعد اصل وزن کا تعین ہو سکے اورتمام عمل شفاف طریقے سے انجام دئیے جا سکیں ۔

اس کے علاوہ انہوں نے علاقوں میں ڈسٹ بن کی تعداد بڑھانے، ڈسٹ بن اور گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم لگانے کی ہدایت دی انہوں نے کہا کہ ٹرکوں پر کچرا ڈھانپ کر آمدورفت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام معاملات کی ماینٹرنگ کے لئے چائنز فرم، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے افسران اور اکیڈمیہ سے منسلک افراد کی جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

اس موقع پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے سیکریٹری نادرخان،ایگزیکٹو ڈائریکٹرفنانس اسجد محمود، ڈائریکٹر علی رضا، ڈپٹی ڈائریکٹرآفتاب سومرو، ڈائریکٹر آئی ٹی،محمد نواز و دیگرافسران کے علاوہ چائیز فرم کے نمائندے موجود تھے۔جبکہ چائنیز فرم کے نمائندے نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ بلدیہ عالیہ ملیر اور غربی کا تفصیلی سروے کرکے مکمل ریکارڈجیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) تیار کر لیا گیا ہے جو کچرا اٹھانے کے عمل کو سہل بنائے گا۔ دیگر اقدامات میں جی ٹی ایس کے لئے مختص جگہوں کو فوری طور پر باؤنڈری وال کیا جائے گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ بیک لوگ کو ختم کرنے کے لئے اور مصروف شاہراہوں کی صفائی کے لئے الگ الگ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر عارضی طور پر بنا دیا گیا ہے اور وہ فعال ہے ، تمام گاڑیاں آن روڈ ہیں اور ضرورت کے مطابق گاڑیوں کو انکے علاقے مختص کئے گئے ہیں۔جبکہ صفائی کی گاڑیاں، ٹرک و دیگر سامان کی حفاظت کے لئے جگہ کے حصول کے مسائل درپیش ہیں۔

چائنیز کی سیکیورٹی پلان کے لئے متعلقہ اعلیٰ افسران کو خط بھیجا گیا ہے انہوں نے گزارش کی کہ ایم ڈی بورڈ بھی ایک خط متعلقہ اعلیٰ افسران کو ارسال کریں تاکہ ان حفاظت کے لئے مزید اقدامات کئے جاسکے۔