کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی اسکول وین پر فائرنگ، ڈرائیور شہید

274

راولپنڈی/ اسلام آباد/ مظفرآباد (صباح نیوز) بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکول وین کو نشانہ بنایا جس میں وین کا ڈرائیور شہید ہو گیا۔پاکستان کا شدید احتجاج۔بھارتی فوج نے ایل او سی پر بٹل سیکٹر میں بچوں کو لے جانے والی اسکول وین کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے اسکول وین کا ڈرائیور شہید ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور کی جانب سے ٹوئٹر میں جاری بیان
کے مطابق اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین کو نشانہ بنانا جنیوا کنونشن اور جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی میں شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان نے بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ڈی جی ساؤتھ ایشیا نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔