عوام آئندہ انتخابات میں کرپشن زدہ لوگوں کا محاسبہ کریں

153

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ جب تک انتخابی نظام درست نہیں ہوتا ، عوام کی حقیقی قیادت سامنے نہیں آسکتی ۔ الیکشن کمیشن 2018 ء کے انتخابات سے قبل انتخابی نظام کی درستگی اور اصلاحات کے نفاذ کی طرف توجہ دے ۔ جس طرح سینیٹ کے انتخابات کو دولت کا کھیل بنادیا گیاہے۔ ممبران اسمبلی کی منڈی کے جانوروں کی طر ح بڑھ چڑھ کر بولیاں لگائی جارہی ہیں جو انتہائی شرمناک اور ایوان بالا کی توہین کے مترادف ہے۔ الیکشن کمیشن کو تمام اختیارات حاصل ہیں لیکن وہ اربوں کھربوں میں کھیلنے والے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتاہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست مخلوق خدا کی خدمت کا نام ہے مگر افسوس کہ اس وقت سیاست کو جھوٹ فریب اور دھوکے کا نام دے دیا گیا ہے اور سیاست کے نام پر عوام سے دھوکا اور فراڈ کرنا سیاستدان اپنی اہلیت اور بہترین کارکردگی سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے نام پر لوگوں کی امانتوں میں خیانت کرنے والے سیاستدان نہیں چور او ر لٹیرے ہیں ۔ ایسے لوگوں کو سیاست سے بے دخل کرنا ہوگا جن پر سیاسی مالی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات ہوں اور جو لوگ سیاست کو تجارت سمجھ کر الیکشن میں کروڑوں لگاتے اور پھر کرپشن کے ذریعے اربوں وصول کرتے ہیں ۔ عوام کو بھی آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کا محاسبہ کرنا چاہیے ۔