پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا خوش آئند ہے ۔میئر کراچی وسیم اختر

435

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا خوش آئند ہے کراچی کے لوگ کرکٹ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور یہ شہریوں کے لئے ایک اہم ایونٹ ہے، پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد میں انتظامیہ سے ہر طرح کا تعاون کریں گے کیونکہ اس سے ہمارے شہر کی رونقوں میں اضافہ ہوگا،

یہ بات انہوں نے آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے اور اس شہر نے کرکٹ کو عالمی سطح کے کئی کھلاڑی دیئے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور پاکستان کے پرچم کو وقار عطا کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے اعلان کے بعد شہریوں میں بے انتہا جوش پایا جاتا ہے اور مجھے امید ہے کہ فائنل کے دن کراچی نیشنل اسٹیڈیم کھچاکھچ شہریوں سے بھرا ہوا ہوگا اور ایک طویل عرصے کے بعد شہریوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،

انہوں نے کہا کہ ہمارا تمام تر تعاون انتظامیہ کے ساتھ ہے اور وہ خوش دلی کے ساتھ اس فائنل میچ کو کراچی میں منعقد کریں ، بلدیہ عظمیٰ کراچی سے جو بھی تعاون اور مدد درکار ہے وہ فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے روز فائربریگیڈ، سٹی وارڈنز، ریسکیو 1122 ، میونسپل سروسزکے محکمے نہ صرف اسٹیڈیم پر تعینات ہوں گے بلکہ انہیں مکمل طور پر فعال رکھا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بیوٹیفکیشن اور صفائی ستھرائی کا کام شروع کیا جا رہا ہے اور فائنل میچ سے قبل اسے مکمل کرلیں گے، انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف شجر کاری بھی کی جائے گی، 

میئر کراچی نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا وقت کی ضرورت تھی اور جو کراچی کے حالات گزرے ہیں ان میں اس ایونٹ کا کراچی میں منعقد ہونا ہوا کا تازہ جھونکا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی اپنی ایک تاریخ ہے اور اس اسٹیڈیم میں عالمی سطح کے لاتعداد مقابلے منعقد ہوچکے ہیں اور دنیا کے مختلف ملکوں کے کرکٹ کے کھلاڑیوں نے یہاں ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ہیں ،

میئر کراچی نے کہا کہ جس زور و شور سے نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش ہو رہی ہے اور جس طرح شہریوں میں جوش و جذبہ پایا جاتا ہے یہ توقع رکھنی چاہئے کہ پی ایس ایل کا یہ فائنل میچ انتہائی یادگار ثابت ہوگا اور اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس قسم کے ایونٹ آئندہ بھی کراچی میں منعقد کئے جائیں تاکہ یہ شہر ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بننے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا بھی مرکز بن سکے۔