پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر مندی کی زد میں رہی

607

کراچی:  ملک میں جاری سیاسی ہلچل پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مسلسل اثر انداز ہورہی ہے گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ مجموعی طور پر مندی کی زد میں رہی اور کے ایس ای100انڈیکس43800پوائنٹس سے گھٹ کر43600پوائنٹس پر بند ہوا مندی کے سبب ایک ہفتے میں سرمایہ کاروں کے47ارب روپے سے زائد ڈوب گئے تاہم سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب روپے کی سطح پر ہی رہا ۔ اسٹاتجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی اور ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کے باعث متاثر ہو رہی ہے، جیسے ہی حالات بہتر ہونگے مارکیٹ بھی اچھا پرفارم کرنا شروع کر دے گی تاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت کے اثرات زائل ہونے تک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہے گی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کا آغاز مندی کیساتھ اور اور3دنوں کی مندی سے انڈیکس 1041پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ 2روزہ تیزی کی وجہ سے انڈیکس نے 860.03پوائنٹس ریکور کر لئے مگر مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے۔اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کاروبار کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 43800اور43700پوائنٹس کی دو بالائی حد گنوا بیٹھا جس کے سبب انڈیکس میں181.7روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 43808.80پوائنٹس سے کم ہو کر43627.10پوائنٹس ہو گیا اسی طرح45.5پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 21850.58پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31656.16پوائنٹس سے کم ہو کر31456.93پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری مند ی کے سبب ایک ہفتے میں مارکیٹ کا سرمایہ47ارب87کروڑ19لاکھ82ہزار927روپے کم ہو گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب99ارب33کروڑ40لاکھ48ہزار209روپے سے کم ہو کر90کھرب51ارب 46کروڑ20لاکھ65ہزار282روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے تریڈنگ کے دوران انڈیکس43901.41پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا مگر مندی کی لہر آنے سے انڈیکس42858.91پوائنٹس کی پست ترین سطح تک بھی گر گیا تھا ۔گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ7ارب روپے مالیت کے21کروڑ94لاکھ 82ہزار حصص کے سودے ریکارڈ ہوئے جبکہ کم سے کم5ارب روپے مالیت کے14کروڑ83لاکھ58ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1836کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے704کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1045میں کمی اور87کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ازگارڈ نائن ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،عائشہ اسٹیل مل ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،دیوان موٹرز ،اینگرو پولیمر ،دیوان سیمنٹ ،دیوان سلمان ،ایگری ٹیک لمیتڈ ،سوئی سدرن گیس ،لوٹے کیمیکل ،پیس پاک لمیٹڈ ،ورلڈ کال ٹیلی کام ،غنی گیسز،یونی فوڈز لمیٹڈ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،میٹکو فوڈز لمیٹڈ ،بینک آف پنجاب ،پی ٹی سی ایل ،ہم نیٹ ورک ،پاکستان اسٹاک ایکس چینج اورحبیب میٹرو پول سرفہرست رہے