سول سروسز ایلومینائی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور کی سربراہی میں سول سروسز ایلومینائی 2018پینل کا افتتاحی اجلاس ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ہوا۔
اجلاس میں تمام سروس گروپس کے وائس پریذیڈنٹس اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سول سروسز ایلومینائی کی ورکنگ گائیڈ لائنز کی سفارشات دینے کے لیے کمیٹی بنائی گئی جس میں تنظیم کو چلانے کا طریقہ کار اور ہر سال نئے پینل کا انتخاب شامل ہوں گے۔
اس کی سربراہی پولیس سروس کے افسر ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق جمال خان کے حوالے کی گئی۔ اس کمیٹی میں عاصم رضا ڈائریکٹراینٹی کرپشن سرگودھا، شہزادہ سلطان اے آئی جی ایڈمن پنجاب پولیس اورحمدان نذیر ڈپٹی چیف آف آپریشنز ریلوے شامل ہیں۔
چیئرمین ایلومینائی محمدجاوید انور نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ سول سروس کے افسران آپس میں میل جول رکھیں تعلیمی و ثقافتی اور اصلاحی سرگرمیوں پر توجہ دیں تاکہ آنے والے سول سرونٹس کو اچھی روایت دے کر جائیں۔
اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن سول سروسز ایلومینائی کا عہدہ بابر رضا ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی کو دینے کا فیصلہ کیا گیااس موقعے پر سرپرستِ ایلومینائی جاوید نثار سید اور راؤ تحسین علی خان بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں مختلف گروپس کے ممبران پر مشتمل سول سروس ادبی، سپورٹس اور ثقافتی کمیٹیاں بنائی گئیں۔اسپورٹس کمیٹی کی سربراہی بہزاد انور ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس کو دی گئی۔ مزید یہ کہ پبلک پالیسی فورم بھی تشکیل دیا گیا جس کی سربراہی ذوالفقار یونس ڈائریکٹرکامن ٹریننگ پروگرام کریں گے۔
یہ فورم بہترین پبلک سروس مہیا کرنے کے لیے تربیتی اور انتظامی اقدامات کی سفارشات مرتب کرے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل پی آئی ڈی طاہر حسن ، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد جاوید ،ڈائریکٹر کامن ٹریننگ ذوالفقار یونس ، اے آئی جی ایڈمن پنجاب پولیس شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق جمال خان، کمشنر انکم ٹیکس ڈاکٹر یا سمین فاطمہ ، ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس بہزاد انور اور ڈائریکٹراینٹی کرپشن سرگودھا عاصم رضا نے شرکت کی۔