شہر کراچی کے لئے ادارہ ترقیات کراچی کی خدمات ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے

620

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ادارہ ترقیات کراچی ماضی میں ایک شاندار اور روشن ادارہ رہا ہے، شہر کراچی کے لئے کے ڈی اے کی خدمات اور ترقیاتی کام کا معیار ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے،

ماضی میں کئے گئے اقدامات کے باعث خود انحصاری کی کوششوں کو نقصان پہنچا اب جبکہ ادارہ اپنی ساکھ بحال کرچکا ہے تو تمام افسران و ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ دور میں ادارہ کی فلاح اور مستحکم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔

بداعتمادی کی فضا سے باہر نکالنے کے لئے مشاہدہ کیا جائے کہ عام صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کس طرح ممکن بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر میں موجود کانفرنس روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں رفاہی پلاٹس کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ کے ڈی اے اراضی پر قابض لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ رضا محمد قائم خانی کو خصوصی ہدایت جاری کی کہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے، انہدامی کارروائیوں میں سست روی ، کوتاہی یا غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کے ڈی اے لینڈ اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ماتحت افسران سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ سے مضبوط روابط قائم اور اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔

بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے حالیہ آپریشن کے دوران ہونے والی کامیابیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ واگزار کرائی گئی اراضی کومحفوظ بنانے کے لئے مستقل بنیادوں پر نگرانی نظام پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

اجلاس میں چیف انجینئر رام چند، سیکریٹری کے ڈی اے توفیق احمد سومرو، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ رضا محمد قائم خانی، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ سید ارشد عباس، سپرنٹنڈنٹ انجینئر بابر بشیر، ایاز سہڑ، پروجیکٹ ڈائریکٹر نوید اظہار، شہزاد احمد، ایگزیکٹو انجینئر گلستان جوہر محسن رضا، ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی عارف شاہ، میڈیا کو آرڈی نیٹر فرمان شاہ و دیگر افسران موجود تھے۔