ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لیے فارمولہ بنائیں گے، عنایت اللہ خان

127

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کا استعمال روکنا تمام سیاسی جماعتوں کا اجتماعی فرض ہے۔ جماعت اسلامی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ صوبائی اسمبلی میں تمام پارلیمانی لیڈروں سے ملوں گا اور کوشس کریں گے کہ ایسا فارمولا بنائیں کہ ہر جماعت کو اپنی پارلیمانی حیثیت کے مطابق حصہ ملے۔ سینیٹ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہوتے ہیں اس لیے افہام و تفہیم سے ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا ہے۔ ہارس ٹریڈنگ کی افواہوں سے سیاسی جماعتوں اور صوبے کی سیاسی قیادت کی بدنامی ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کی بھرپور حامی ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ روپے پیسے، دھونس اور دھاندلی کی سیاست کو اب مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے۔ وہ پشاور میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ سینٹ الیکشن سے قبل ہارس ٹریڈنگ کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔ سینیٹ انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے ٹیسٹ کیس بن گئے ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن سینٹ انتخابات میں روپے پیسے کے کھیل کو نہیں روک سکتا تو پھر 2018ء کے عام انتخابات کیسے شفاف اور غیرجانبدار منعقد ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز ی حکومت قانون سازی کر کے سینیٹ انتخابات میں کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے شو آف ہینڈ کے ذریعے کرائیں۔ اگر قومی اسمبلی میں وزیر اعظم، اسپیکر اور چیئرمین کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوسکتا ہے تو سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کیوں نہیں ہوسکتے؟ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔