حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے

155

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی70 کے امیر رانا طہٰ، جنرل سیکرٹری میاں عیتق الرحمن، الطاف حسین، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خان اور دیگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہا ہوگئی ہے۔ کرپشن اور رشوت ستانی نے پورے نظام کو کرپٹ کردیا ہے۔ لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے باعث پورا نظام ہی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے ڈیزل پر 40 روپے 74 پیسے اور پیٹرول پر 34 روپے 24 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصولی کا انکشاف تشویش ناک ہے۔ حکمرانوں نے ہر چیز پر ٹیکس لگا رکھا ہے، جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو لوٹ مار کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا۔