آپریشن ردالفساد،ڈیرہ غازی خان میں 3دہشت گرد ہلاک 2اہلکار زخمی،بڑی تعداد میں اسلحہ بر آمد

147

راولپنڈی‘کوئٹہ(صباح نیوز‘نمائندہ جسارت) ڈیرہ غازی خان میں آپریشن رد الفساد کے دوران انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے آپریشن ردالفساد جاری ہے اور اسی سلسلے کی کڑی میں ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں حساس اداروں کے ساتھ پنجاب رینجرز اور ایلیٹ پولیس فورس نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ پنجاب رینجرز کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکت کے علاوہ بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد بھی کیا گیا ہے جسے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں استعمال کیا جانا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کی سازش کو ناکام بنادیا گیا۔ برآمد کیے گئے اسلحے و بارودی مواد میں تیار آئی ای ڈی، راکٹ لانچر، اے کے 47 گن اور دستی بم سمیت دیگر سامان بھی شامل ہے۔بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایف سی نے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ برآمد کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق چاغی کے علاقے دالبندین میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ برآمدکیے گئے اسلحہ میں 15 سے 20کلو گرام دیسی ساختہ بم، 5 کلاشنکوف بمعہ 5میگزین،2دستی بم، ایک عدد رائفل، 5 عدد راکٹ گولے ، 11عدد82ایم ایم مارٹر گولے ، کلاشنکوف کے3گولے بمعہ 140راؤنڈزاور2 دوربین بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔