لودھراں(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کے عوام نے 5 ہزار کی رشوت کو ٹھکرا دیا اور اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دی۔لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بجلی کے منصوبے لگانے کے بجائے قوم کی رقم لوٹی اور چلے گئے اور جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ملک میں بجلی نہیں تھی، لیکن پھرہم نے نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے نئے منصوبے شروع کیے اور آج ملک سے لوڈ شیڈنگ کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے، دہشت گردی کو پاک فوج کی مدد سے مات دی، آج بلوچستان، کراچی اور خیبرپختونخوا امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کہا تھا کہ لودھراں میں چوروں اور ڈاکوؤں کو شکست ہوگی، اللہ کے فضل سے لودھراں میں چوروں اور ڈاکوؤں کو شکست ہوگئی، عوام نے 5،5 ہزار کی رشوت ٹھکرا دی اور اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دی، عوامی عدالت نے قرضے معاف کرانے والے کے ساتھ انصاف کردیا۔