ہمارے نوجوان فنون لطیفہ میں مہارت رکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

500
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں دسویں کراچی یوتھ فیسٹیول کے دوسرے اور تیسرے روز پانچ کیٹیگریز کے آڈیشن منعقد کئے گئے جن میں اُردو تقاریری مقابلے، موسیقی، تھیٹراور اُردو مضمون نویسی میں 14سے 29 سال کے نوجوانوں کے درمیان مقابلے ہوئے۔آڈیشنز کا سلسلہ مزید دو دن جاری رہے گا۔ آڈیشن سے منتخب ہونے والے نوجوان فائنل میں اپنی قسمت آزمائی کریں گے۔

فیسٹیول میں تھیٹر، موسیقی، مضمون نویسی اور تقاریر کے شعبوں میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو اپنے شعبوں کے معروف و ممتاز افراد نے خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی دی۔ جس میں معروف اداکار وہدایت کار خالد انعم نے تھیٹر کے مقابلے میں شریک نوجوانوں کو تھیٹر کے رموز سیکھائے۔ اسی طرح موسیقی میں معروف گلوکار عمران عباس نے موسیقی کے مقابلے میں شریک نوجوانوں کو سُر اور ساز کا استعمال اور آواز میں پختگی کے گُر سیکھائے۔ 

تقریر میں اقبال لطیف نے نوجوانوں کو آواز کے اُتار چڑھاؤ اور جملوں کی ادائیگی کے فن سے روشناس کرایا جبکہ مضمون نویسی میں معروف مصنفہ حسینہ معین نے نوجوانوں کو لکھنے کے آداب، زبان کی درستگی اور صحیح استعمال سکھایا۔ 

آڈیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہمارے نوجوان فنون لطیفہ میں مہارت رکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ آرٹس کونسل انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے میں کوشاں ہے جہاں وہ نہ صرف اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لاتے ہیں بلکہ ان کی تربیت بھی کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے فن میں تراش خراش کریں اور اس میں مزید خوبصورتی پیدا کرکے اسے دُنیا میں منواسکیں۔ 

انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے آپ کو سمجھیں، اپنا آپ تلاش کریں اور دوسروں کی نقل کرنے کے بجائے اپنی ایک الگ شناخت بنائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ بھی پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں اپنا نام شامل کرسکتے ہیں۔ اللہ نے آپ کو ایسی صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ملک و قوم کی ترقی اور آپ کو آپ کی ایک الگ پہچان بنانے میں مدد دے گا۔

واضح رہے کراچی یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں کی تربیت کے لئے خصوصی ورکشاپ روزانہ منعقد ہوں گے جس میں تھیٹر کیٹیگری میں عرفان صادق، بازلہ مصطفی تقریر میں انجم رضوی، نصرت علی، مضمون نویسی میں اخلاق احمد، ایوب شیخ، رقص میں منور حیدر چاؤ، نعمان خان موسیقی میں محمود علی خان اور اشتیاق بشیر خصوصی روکشاپس کے ذریعے بچوں کی تربیت کریں گے۔