اسٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی ، انڈیکس 332پوائنٹس گھٹ گیا

406

سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر اثر انداز ہونے لگی 
سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر اثر انداز ہونے لگی
کراچی: سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر اثر انداز ہونے لگی جس کے سبب مسلسل دوسرے روز بھی مارکیٹ مندی کا شکار رہی اور انڈیکس 43500پوائنٹس سے گھٹ کر 43200پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید33ارب روپے کا خسارہ،

جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب روپے سے کم ہو کر89کھرب روپے رہ گیا ۔اس طرح اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ دو دونوں میں انڈیکس 332پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ مارکیٹ کا سرمایہ اسی مدت میں78ارب روپے سے زائد کم ہو چکا ہے ۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق عدالتی فیصلوں کے بعد حکمران جماعت کے ردعمل سے نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی تذبذب کا شکار ہے اور انہوں میں مارکیٹ میں نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے

منافع کیلئے سرمائے کے انخلاء کا رجحان بھی دیکھا جا رہا ہے اسی سبب مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں277.72پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 43572.67پوائنٹس سے کم ہو کر 43294.95پوائنٹس ہو گیا اسی طرح173.77پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 21676.02پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31303.18پوائنٹس سے کم ہو کر 31187.07پوائنٹس ہو گیا ۔

کاروباری اتار چڑھاؤ کے سب رونما ہونیوالی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں33ارب52کروڑ63لاکھ24ہزار484روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم90کھرب5ارب 83کروڑ65لاکھ 48ہزار754روپے سے گھٹ کر 89کھرب72ارب31کروڑ 2لاکھ24ہزار270روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 7ارب روپے مالیت کے 16کروڑ97لاکھ 9ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 5ارب روپے مالیت کے 12کروڑ67لاکھ 14ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر367کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے116کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،234میں کمی اور17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا

کاروبار کے لحاظ سے دیوان سیمنٹ 1کروڑ40لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1کروڑ38لاکھ ،ازگارڈنائن 1کروڑ9لاکھ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ81لاکھ87ہزار اور دیوان موٹرز 59لاکھ3ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں تیزی کے اعتبار سے24.69روپے کے اضافے سے پاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت1961.65روپے اور 12.19روپے کے اضافے سے نیشنل فوڈزکے حصص کی قیمت 313.19روپے پر جا پہنچی جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ اور سروس انڈسٹریز لمیٹڈ حصص کی قیمتوں میں بالترتیب39.65روپے اور25.00روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص کی قیمت کم ہو کر1774.35روپے اور سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت کم ہو کر850.00روپے پر آگئی ۔