زراعت،ایس ایم ایز ،کم قیمت ہاؤسنگ کا شعبہ اقتصادی ترقی کے اہم شراکت دار ہیں، طارق باجوہ 

508

میزان بینک اور آئی بی اے یونیورسٹی آف پنجاب کے درمیان ایم بی اے پروگرام متعارف کرانے کا معاہدہ!
کراچی: میزان بینک نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ۔یونیورسٹی آف پنجاب کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف پنجاب میں ایس ایم ای بینکنگ اینڈ انٹرپرینیورشپ میں ایم بی اے پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ نے کہاکہ زراعت،ایس ایم ای اور کم قیمت ہاؤسنگ جیسے تین شعبہ جات ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے اہم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے ملک میں ایس ایم ایز اور انٹرپرینیورشپ کلچر کوفروغ دینے کیلئے میزان بینک اور آئی بی اے پنجاب یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔
اس معاہدے کا مقصد ا ن شعبوں میں کوالیفائیڈ اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے چیلنج کا سامنا کرنا اور بینکوں، تعلیمی اداروں اور انٹرپرینیورشپ کے درمیان خلا کو کم کرنا ہے۔ معاہدے پر میزان بینک کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی ، یونیورسٹی آف پنجاب کے فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ۔یونیورسٹی آف پنجاب کی انچارج ڈائریکٹر ساجدہ نثار نے دستخط کئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنراسٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ تھے۔
یہ معاہدہ ملک میں باہمی اشتراک سے ایس ایم ای بینکنگ کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کو ظاہر کرتا ہے جن میں ایس ایم ای بینکنگ اینڈ انٹرپرینیورشپ میں ایم بی اے پروگرام ڈیزائن کرنا ، سکالر شپ کی فراہمی، جاب فیئرز میں شرکت اور ایس ایم ای اور اسلامک بینکنگ کی ترقی کیلئے خصوصی ٹریننگ شامل ہیں۔
اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہاکہ ملکی معیشت میں ایس ایم ای سیکٹر پر کبھی توجہ نہیں دی گئی ، تاہم آمدنی کے فروغ میں اس سیکٹر کی مجموعی صلاحیت بہت بہتر ہونے کے باوجود یہ شعبہ غربت ختم کرنے میں غیر فعال ہے۔ اسی لیے میزان بینک ملک بھر کے بزنس اسکولوں کے اشتراک سے اس شعبے کے پروفیشنل تیار کررہاہے۔ ملک کے ایس ایم ای بینکنگ کے شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کیلئے ایس ایم ای بینکرز کا ہنرمند اور تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے۔اس پروگرام کے ذریعے دونوں ادارے اپنے تجربے سے ابھرتے ہوئے انٹرپرینیورز ، ایس ایم ای پروپرائٹرز اور آنے والی جنریشن کوٹریننگ اور سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔
اس موقع پر آئی بی اے یونیورسٹی آف پنجاب کی انچارج ڈائریکٹر ساجدہ نثارنے میزان بینک کے اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ آئی بی اے کیلئے یہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
یونیورسٹی آف پنجاب کے فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے کہاکہ یہ معاہدہ ایس ایم ای بینکنگ اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔