8سالہ بچے کی شہادت پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب 2بھارتی فوجی ہلاک

199

راولپنڈی/ جموں (مانیٹرنگ ڈیسک/ صباح نیوز) بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر واقع گاؤں جاجوٹ میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی سے 8 سالہ بچہ شہید، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والی چوکی تباہ کرکے 2 بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کردیا۔ مقبوضہ کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں بھارتی عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز کنٹرول لائن کے پونچھ علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ پاک فوج نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے والی بھارتی پوسٹ کو تباہ کر دیا۔ کارروائی میں 2 بھارتی فوجی ہلاک بھی ہوئے۔ تباہ ہونے والی بھارتی پوسٹ سے ایل او سی پر 8 سالہ بچے ایان کو نشانا بنایا گیا تھا۔ قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب جاجوٹ گاؤں میں بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی جارحیت کا شکار ہونے والے معصوم ایان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سفاکیت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کرکے بھارت نے دنیا کو اپنے اصل چہرے سے روشناس کرادیا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی میڈیا کے مطابق جموں میں بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ پونچھ میں حد بندی لائن کے کھری کرمارا سیکٹر میں شدید گولہ باری کے دوران پاکستانی فوج کی ایک بارڈر ایکشن ٹیم نے اچانک حملہ کرکے 3 بھارتی فوجیوں کو زخمی کردیا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس دوران مسلح افراد کے ایک بڑے گروپ نے حد بندی لائن پار کرکے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔