اسمارٹ فونز میں 157 نئے ایموجیز کا اضافہ

263

رواں برس کے آخر تک اسمارٹ فون کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم کے لیے 157 نئے ایموجیز پیش کیے جائیں گے۔ ایک غیرمنافع بخش تنظیم ’دی یونی کوڈ کنسورشیئم‘ نے اعلان کیا ہے کہ ایموجیز کی دنیا میں اس سال کے آخر تک مزید 157 نئے ایموجیز کا اضافہ کیا جارہا ہے ان ایموجیز میں ایک جانب تو زیادہ بہتر اسمائلی فیس ہیں تو دوسری جانب کپ کیک، لابسٹر، بحری قزاق کا جھنڈا اور دیگر ایموجی شامل ہیں۔
ان ایموجی میں بالوں کے آپشن اور مختلف انداز کے بالوں والے چہرے بھی شامل ہیں جن میں گھنگھریالے اور گنج پن کے شکار ایموجی بھی ریلیز کیے جائیں گے۔ دوسری جانب جانوروں کے ایموجی کی تعداد کو بھی بڑھایا گیا ہے جن میں کینگرو، لاما، ہنس اور مچھر قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ سرد چہرہ اور پارٹی فیس بھی پیش کیے جارہے ہیں۔
اس فہرست میں بعض نئے سپر ہیرو اور ولن بھی موجود ہوں گے۔ علاوہ ازیں سلائی، کڑھائی، سویٹر بننے اور اسکیٹ بورڈنگ کے ایموجی بھی موجود ہوں گے۔
یونی کوڈ کنسورشیئم کی جانب سے اعلان کے بعد ایپل اور گوگل میں سافٹ ویئر بنانے والے ماہرین نے ایموجی کو اپنے اپنے انداز میں بنانا شروع کردیا ہے تاہم آئی فون کے ایموجی اینڈرائیڈ فون سے قدرے مختلف ہوں گے۔
اگرچہ اس سال کے آخر تک موبائل فون کے دونوں ورژن سامنے آنا شروع ہوجائیں گے اور ایپل کمپنی ہر سال جون میں اپنا نیا ورژن پیش کرتی ہے تاہم نیا آئی او ایس موسمِ خزاں میں پیش کیا جاتا ہے اور اینڈرائیڈ اس سال کے آخر میں ان ایموجیز کو شامل کرے گا۔ اس اضافے کے بعد اسمارٹ فون کے لیے منظور شدہ ایموجیز کی تعداد 2823 ہوجائے گی۔ یونی کوڈ کنسور شیئم کے مطابق اس نے حالیہ دنوں میں ایسے ایموجی متعارف کرائے ہیں جو ہر رنگ اور نسل کے لوگوں کی نمائندگی کرسکیں۔