فیس بک ایک نئے فیچر کی آزمائش کررہا ہے جس میں صارفین تبصرے یعنی’کمنٹ‘ پر منفی ردعمل رجسٹر کراسکیں گے جسے ’ڈاؤن ووٹ‘ بٹن کا نام دیا گیا ہے تاہم یہ ’ڈس لائیک‘ جیسا نہیں ہوگا۔ جس کمنٹ کو آپ ناپسندیدہ قرار دے کر ڈاؤن ووٹ کریں گے، وہ فوری طور پر اپ کی نگاہوں سے اوجھل یعنی آپ کی وال سے غائب تو ہوجائے گا تاہم فیس بک اس کی وجہ جاننے کےلیے آپ سے کچھ سوال پوچھے گا۔ اس پر صارف کو بتانا پڑے گا کہ یہ کمنٹ ناپسندیدہ، گمراہ کن، غیراخلاقی یا کچھ اور ہے۔
فیس بک کے ترجمان نے نئی اپ ڈیٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاؤن ووٹ بٹن ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور مکمل تجربے اور تجزیئے کے بعد اسے باقاعدہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔
فیس بک ترجمان نے مزید کہا کہ فی الحال اس آپشن کو امریکا میں چند لوگ استعمال کررہے ہیں جن کی آزمائش کے بعد ان سے اس فیچر کے بارے میں رائے لی جائے گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ کمنٹ پر ملنے والے ڈاؤن ووٹ کی تعداد کو بھی صارفین سے خفیہ رکھا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوامی صفحات کی پوسٹ پر تبصروں کی صورت میں فیڈ بیک حاصل کرنا ہے۔
فیس بک نے ’لائیک‘ آپشن پر صارفین کی خواہشات پر ’ڈس لائک‘ کا بٹن متعارف کرانے کی کوشش کی تھی تاہم منفی نتائج کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے روک دیا گیا اور اس کے بعد پوسٹ پر ردعمل کے اظہار میں نئے ایموجیز متعارف کرائے گئے۔