کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ جب تک دودھ کی قیمت کے تعین سے متعلق قانون پر فیصلہ نہ ہو جائے اسے سرکاری قیمت 85 روپے لیٹر ہی فروخت کیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمت کے تعین سے متعلق ریٹیلر ایسوسی ایشن اور دیگر کی درخواست کی سماعت ہوئی تو عدالت نے حکم دیا کہ جب تک دودھ کی قیمت کے تعین سے متعلق قانون پر فیصلہ نہ ہو جائے، دودھ 85 روپے لیٹر ہی فروخت کیا جائے۔
ریٹیلرز کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت کے تعین کا اختیار نہیں، اسے 85 روپے لیٹر دودھ فروخت نہیں کر سکتے، ہمیں نقصان ہو رہا ہے جبکہ شہریوں نے سرکاری نرخ پر دودھ نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے کمشنر کراچی کو طے کردہ قیمت پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیا اور ساتھ ہی زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کر دی۔