آرٹس کونسل آف پاکستان میں جاری کراچی یوتھ فیسٹیول۔

732

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری کراچی یوتھ فیسٹیول میں تقریری مقابلے، شارٹ فلم اور اسکریننگ کے مقابلوں میں منتخب ہونے والے تقریباً 8سو سے زائد طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

ان مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں کے ناموں کا اعلان 24فروری کی شام اختتامی تقریب میں ہوگا۔جبکہ ڈانس اور شارٹ فلم کی ورکشاپ کا اہتمام بھی کیاگیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ججز نے کہاکہ آرٹس کونسل نے کراچی کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، عام طور پر کالجز اور یونیورسٹیوں میں ’’ہفتہ طلبہ‘‘ منعقد ہوتے ہیں ان میں مخصوص لوگوں کو اپنی صلاحیتو ں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ 

جبکہ آرٹس کونسل میں ہزاروں افراد طلبہ و طالبات کو مختلف مقابلوں میں مواقع دیئے جارہے ہیں اس سے ان کو اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کراچی بھر سے بچے شریک ہیں جس سے ان کو ایک دوسرے کے خیالات جاننے اور سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ آرٹس کونسل کی یہ اچھی کوشش ہے اس طرح کے مقابلے ہر ماہ منعقد کئے جائیں تو زیادہ تعداد میں نوجوان حصہ لے سکیں۔

اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں نے کہاکہ آرٹس کونسل میں یہ بہت اچھا سلسلہ رہا ہے اس سے ایک جانب مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ مختلف مذاہب اور رنگ و نسل کے نوجوانوں سے بات چیت ہورہی ہے جس سے ہمیں دوسروں کو جاننے اور سمجھنے کا بہترین موقع مل رہا ہے۔ ہم آرٹس کونسل کراچی کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کراچی یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا۔