ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کراچی کی تمام سوک ایجنسیز کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات

878

کچرا نہ جلائیں نہ سمندر میں پھینکیں،کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقلی یقینی بنانے کے لئے ٹھیکیداروں کوپابند کریں کہ لینڈ فل سائیٹ پر موجودکمپیوٹرائزڈ پرچی حاصل کریں۔۔طحہٰ فاروقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطحہٰ احمد فاروقی نے کراچی کی تمام سوک ایجنسیز کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی جس میں کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقلی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں پاکستان ریلوے، سائیٹ کراچی، کنٹونمنٹ بورڈ فیصل، کراچی کنٹونمنٹ بورڈ، سول ایویشن اتھارٹی،کنٹونمنٹ بورڈ منوڑہ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ ، و دیگر اداروں کے نمائندے موجود تھے۔ ایم ڈی طحہٰ احمد فاروقی نے تمام ممبران سے تفصیلی بریفنگ لی اور کچرے کی منتقلی کے لئے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ فل سائیٹ پر پورے کراچی کا کچرا نہیں پہنچ رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جام چاکرو اور گوند پاس پر کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کیا ہے جس سے ہمیں یہ معلومات بھی حاصل ہوتی ہیں کہ کہا سے کچرا منتقل ہورہا ہے اور کہا سے نہیں ہورہا، اس ضمن میں کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر سوک ایجنسیز کی جانب سے صورتحال واضح نہیں کہ آپ لوگ اپنے علاقوں کا کچرا کہا ڈمپ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچرا نہ جلائیں نہ سمندر میں پھینکیں بلکہ کوئی نظام ایسا بنائیں کہ تمام کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقلی کا عمل یقینی ہو۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ٹھیکیداروں کو پابند کریں کہ لینڈ فل سائیٹ سے کمپیوٹرائزڈ پرچی حاصل کریں اور ادارے کو جمع کرائیں

آپ لوگ اس پرچی کی بنیاد پر ٹھیکیداروں کو ادائیگی کریں گے تو تمام عمل شفاف ہونے کے ساتھ ساتھ کچرے کی لینڈ فل سائیٹ منتقلی بھی یقینی ہوگی۔اجلاس میں سیکریٹری بورڈ نادرخان کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔دریں اثناء اجلاس میں موجودسوک ایجنسیز کے نمائندگان نے اس سلسلے میں مکمل لائحہ عمل بنا کر تفصیلی رپورٹ پیر تک جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی۔