تاجر برادری کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرے ۔ شیخ عامر وحید 

451

صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔ ظفر علی شاہ 

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سپورٹس کمیٹی نے دوسری دفعہ ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کے انعقاد کا اہتمام کیا جس کا مقصد چیمبر کے ممبران اور ان کے بچوں کو کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شرکت کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا ۔ چمپئن شپ میں مردوں کے سنگل اور ٹیم، خواتین کے سنگل و ڈبل اور مشترکہ ٹیموں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے سنگل مقابلے بھی منعقد ہوئے ۔چیمبر کے سابق نائب صدر محمد اشفاق چھٹہ نے چمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد فہیم خان، محمد واصل اور باصر داؤد نے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید چمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ اعزازی مہمان تھے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور شرکت کریں کیونکہ ایک صحت مند زندگی کیلئے کھیلوں میں شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت مند معاشرے کی تعمیر کیلئے ٹنپن باؤلنگ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ ، ہاکی ، سکواش اور سنوکر میں عالمی اعزازحاصل کئے ہیں جس سے ثابت ہے کہ ہمارے نوجوان کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلا حیت رکھتے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بہتر حالات پیدا کرے اور تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے جس سے کھیلوں کو بہتر فروغ ملے گا اور صحت مند معاشرہ فروغ پائے گا۔ انہوں نے ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کرنے پر چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری اور کمیٹی کے تمام ممبران کو مبارک باد پیش کی
سید ظفر علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا فروغ بہت ضروری ہے جبکہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کی بھی بہتر حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کے حالات اب کافی بہتر ہو گئے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ہمارے ملک میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے عالمی مقا بلے منعقد ہونا شروع ہوں گے جس سے کھیلوں کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔ انہوں نے چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کی طرف سے ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور ایسی کوششوں میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے اپنے خطاب میں سپورٹس کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ کھیلوں کے فروغ کی کوششوں میں چیمبر کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گاتا کہ تاجروصنعتکار برادری کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کر کے ان میں سپورٹس مین شپ سپرٹ کو فروغ دیا جا سکے۔