آزادی کے نام پر ملک میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہا ہے

184

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے معروف ڈاکٹر سلطان عبداللہ کی طرف سے چناب کلب میں ہونے والی محفل موسیقی کے پروگرام کی مخالفت کرنے پر چناب کلب انتظامیہ کی جانب سے ان کی رکنیت معطل اور داخلہ بند کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چناب کلب انتظامیہ ہوش میں رہ کر فیصلے کرے، ڈاکٹر سلطان عبداللہ نے پاکستانی عوام کی ترجمانی کی ہے۔ منظم سازش کے تحت کلمے کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں بڑے پیمانے پر مسلم معاشرے کی بنیادی قدروں کو بدل کر مغربی تہذیبی اور ہندوانہ رنگ میں ڈھالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آزادی کے نام پر ملک میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مغربی تہذیبی یلغار کے آگے بند باندھنے کی کوشش نہ کی گئی تو نہ صرف ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گا بلکہ ہماری نئی نسل اسلامی تہذیب سے بیگانہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر جب حکومت نے خود پیمرا کو الیکٹرونک میڈیا پر ان خرافات کی تشہیر سے روک دیا ہے ،ایسے پروگرامات کا انعقاد خود حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ چناب کلب انتظامیہ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تونتائج کی ذمے دار کلب انتظامیہ ہوگی۔