ووٹ کا تقدس برقرار رکھا جائے، ہر پارٹی میں کرپٹ عناصر ہیں

208

لودھراں (وقائع نگارخصوصی) ووٹ کا اصل تقدس یہ ہے کہ اسے امانتدار، محب دین ووطن افراد کو دیا جائے، ہر پارٹی میں کرپٹ عناصر موجود ہیں، جماعت اسلامی اہل، متوسط اور دیانتدار لوگوں پر مشتمل پارٹی ہے، طارق فاروق۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی لودھراں طارق فاروق نے پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آجکل ووٹ کے تقدس کے حوالے سے ن لیگی رہنما زور وشور سے پروپیگنڈا جاری رکھے ہوئے، انہیں خود معلوم نہیں کہ ووٹ کا تقدس ہے کیا؟ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ریاستی اداروں کی قدر نہیں کرسکتے وہ ووٹ کا تقدس کس منہ سے سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ نے اپنی پیشی کے موقع پر قاضی وقت کی طرف سے پروٹوکول میں کھڑے ہونے والے کو معزول کردیا تھا۔ عدالت کا فیصلہ الگ چیز اور عوام کا فیصلہ الگ چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلے کی رٹ لگانے والے بتائیں کہ جب پوری قوم ممتاز قادری کو اپنا ہیرو مانتی تھی تو انہوں نے قوم کا فیصلہ کیوں تسلیم نہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کا اصل تقدس یہی ہے کہ اسے امانتدار، محب دین ووطن افراد کو دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ ہو،پی ٹی آئی ہو،پی پی ہو یا کوئی اور سیاسی جماعت ہر ایک میں کرپٹ عناصر موجود ہیں بلکہ بعض ایسے بھی ہیں جو پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار کے مزے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے افراد وزارتوں،ممبرشپ، بلدیاتی عہدوں پر رہنے کے باوجود ہر طرح کی کرپشن سے پاک رہے ہیں۔ جماعت اسلامی میں اہل،متوسط اور دیانتدار لوگ ہیں۔ لہٰذا قوم کو چاہیے کہ وہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کے تقدس کو مدنظر رکھتے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ کرپشن فری اسلامی و خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔