گوجر خان :بس نے طالبعلم کو کچل دیا، شہریوں کا احتجاج

176

راولپنڈی(آن لائن)تھانہ گوجر خان کے علاقے جی ٹی روڈ پرتیز رفتار مسافر بس نے سرور شہید کالج کے سال اول کے طالبعلم کو کچل دیا ٹائروں تلے کچلے جانے سے طالبعلم موقع پرجاں بحق ہو گیا متوفی کی میت تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرخان منتقل کر دی گئی حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہو گیا جبکہ کالج کے مشتعل طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کردی اور 2بسوں کو آگ لگا نے کے ساتھ کالج اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پر پتھراؤ کر کے شیشے توڑ دیے، مشتعل طلبہ نے جی ٹی روڈ پر بھی پتھراؤ کیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے طلبہ کے احتجاج اور جی ٹی روڈ کی بندش کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں ،لاہور اسلام آباد جی ٹی روڈ کی بندش سے راولپنڈی اسلام آباد کا دوسرے شہروں سے رابطہ کئی گھنٹے منقطع رہا۔ اطلاعات کے مطابق سرور شہید کالج گوجرخان میں زیر تعلیم سال اول کے طالبعلم آفاق سکنہ بوکرہ بس میں سوار ہونے کیلیے بس روکنے کی کوشش کی لیکن تیز رفتار بس نے اسے کچل دیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا حادثے کی اطلاع ملتے ہی کالج کے طالبعلم اور سیکڑوں شہری جی ٹی روڈ پر نکل آئے جنہوں نے گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے کے ساتھ حادثے کی ذمے دار بس سمیت 2بسوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔