کراچی کے زولوجیکل گارڈن کو ایشیا کا بہترین زو بنانے کیلیے اقدامات شروع 

287

کراچی (رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے بلدیہ کراچی کے زولوجیکل گارڈن کو ایشیا کا بہترین زو بنانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔یہ بات کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر ریکریشن سفاری پارک منصور قاضی نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قاضی منصور نے بتایا کہ حکومت نے قدیم زولوجیکل گارڈن کو اس کی تاریخی اہمیت کے مطابق ترقی دینے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔جس کے لیے 10 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی جاچکی ہے۔ منصور قاضی نے وضاحت کی
کہ حکومت زو کی ترقی و تزئین کا کام کراچی کے اسپیشل پروگرامز کے تحت صوبائی حکومت کے اسپیشل سیکرٹری نیاز سومرو کی نگرانی میں کرا رہی ہے۔ تاہم منصوبے کے تحت ڈیزایننگ اور دیگر فنی نوعیت کے امور کی منظوری محکمہ زو کی مشاورت سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروجیکٹ کے تحت زو کی چہار دیواری ازسر نو تعمیر کی جاچکی ہے انکلوزر اور پنجروں کی توسیع اور بہتری کا کام جاری ہے۔80واٹر ٹینک،بیت الخلا اور واٹر کولرز کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کو ہے۔ سینئر ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں کنکریٹ کاموں کی تکمیل کے بعد نئے جانوروں کو لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔