میئرکراچی ملیر مویشی منڈی کی آمدنی پر قابض ہیں:اراکین کونسل بلدیہ ملیر

496

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) بلدیہ ملیر کونسل کے اجلاس میں ارکان میئر کراچی کے خلاف پھٹ پڑے، چیئرمین جان محمد بلوچ کی صدارت میں اجلاس کی کاروائی شروع ہوتے ہی رکن کونسل بلدیہ ملیر امانت ضیاء اور دیگر اراکین نے متفقہ طور پر میئر کراچی کی جانب سے ضلع ملیر کی عوام کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کی پرزور مزمت کی،

انہوں نے کہا سابق ناظمین کے دور میں بھی ملیر کا انفراسٹرکچر تباہ و برباد کیا گیا ، میئر کراچی سندھ حکومت سے اختیارات کا رونا روتے ہیں اورحکومت سندھ کے خلاف منفی بیانات بھی دیتے ہیں ، جبکہ ضلع ملیرکی عوام کے حقوق پر قبضہ کئے ہوئے ہیں ۔ میئرکراچی کا ملیر مویشی منڈی کی آمدنی پر قبضہ تشویشناک ہے،

جو ضلع ملیر کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہے، میئرکراچی پورے کراچی کے میئر ہیں لیکن وہ صرف تین اضلاع کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملیر مویشی منڈی سے حاصل ہونے والی آمدنی پر میئر کراچیَ قابض ہیں، جبکہ مویشی منڈی میں تمام بلدیاتی سہولیات بلدیہ ملیر انتظامیہ فراہم کرتی ہے،

میئر کراچی ملیر کی عوام سے سخت ترین ناانصافی کر رہے ہیں بلدیہ ملیر زیادہ تر غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی عوام کا ضلع ہے، ملیر کو سابقہ ناظمین کے دور میں بھی نظر انداز کیا گیا ، ملیر کی شاہرائیں ناظمین کے دور سے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے آئے دن حادثات رونماء ہوتے رہتے ہیں،

ملیر کی یوسیز میں سیوریج کے نظام پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی ، مویشی منڈی سے حاصل ہونے والی آمدنی ضلع ملیر کو واپس کی جائیں ، ملیر مویشی منڈی سے کے ایم سی کی من مانیا ختم کی جائیں ،

اراکین کونسل نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ سے پرزور مطالبہ کیا کہ مویشی منڈی سے حاصل ہونے والی آمدنی کیلئے میئر کراچی سے بات کریں اور انہیں کہیں کہ مویشی منڈی کی آمدنی پر ملیر کی عوام کا حق ہے جو انہیں واپس ملنا چاہیے بصورت دیگر میئر کراچی عوامی رد عمل کیلئے تیار رہیں،

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے اراکین کونسل کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میں میئر کراچی سے اس حوالے سے بات کروں گا اور انہیں قائل کروں گا کہ ملیر کی مویشی منڈی ضلع کی آمدنی کا ذریعہ ہے جسے جلد از جلد ضلع ملیر کی انتظامیہ کو واپس کیا جائے کیونکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے وسائل کی اشد ضرورت ہے۔