حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی پرانی پالیسی بحال کر دی۔

1633

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے ہفتہ کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی استعمال شدہ گاڑیوں کی پرانی پالیسی کو بحال کرنیکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد پورٹ پر پھنسی ہوئی 9ہزار سے زائد گاڑیوں کی کلیئرنس پیر سے شروع ہو جائے گی۔ 7فروری کو اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایس آر او 1067 کو فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ سے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد رک گئی تھی۔

مگر اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا تھا اور جمعہ کو وفاقی کابینہ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی تھی جس کے بعد وزارت خزانہ نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی 2016کی پالیسی کو بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ گاڑیوں کی کلیئرنس رکنے کے باعث نہ صرف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ریونیو شارٹ فال کا سامنا تھا 

بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اربوں روپے کی گاڑیاں بھی پورٹ پر پھنس گئیں تھیں اور کروڑوں روپے کے ڈیمرجز لگ گئے ہیں۔گاڑیو ں کی کلیئرنس سے ایف بی آر کو 7ارب روپے سے زائد کا ریونیو ملنے کی توقع ہے۔ علاؤہ ازیں گاڑیوں کے درآمد کنندگان نے پرانی پالیسی بحال کرنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مشیر فنانس مفتاح اسماعیل، سیکریٹری کامرس یونس دھاگہ اور چیئر مین ایف بی آر کا شکریہ ادا کیا۔۔