انسداد بدعنوانی کے اداروں سے کالی بھیڑوں کا قلع قمع ہونا چاہیے

167

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عیتق الرحمن، الطاف حسین، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں اور دیگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ کرپشن اور رشوت خوری نے پورے نظام کو کرپٹ کردیا ہے۔ لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے باعث پورا نظام ہی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے ڈیزل پر 40 روپے 74 پیسے اور پیٹرول پر 34 روپے 24 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصولی کا انکشاف تشویش ناک ہے۔ حکمرانوں نے ہر چیز پر ٹیکس لگا رکھا ہے، جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو لوٹ مارکرنے کے سوا کچھ نہیں آتا۔ احتسابی اداروں میں جب چور اور کرپٹ افراد بیٹھے ہوں گے تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیسے ہوگا؟۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے تمام اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا بھی قلع قمع ہونا چاہیے۔